سیف علی خان پر حملہ ‘ مشتبہ شخص چھتیس گڑھ میں گرفتار

,

   

ممبئی : بالی ووڈ اداکار سیف علی خان پر ان کے گھر میں گھس کر چاقو سے حملہ کرنے والے ایک مشتبہ ملزم کو چھتیس گڑھ میں گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ مشتبہ ملزم کی 31 سالہ آکاش کیلاش کنوجیہ کی حیثیت سے شناخت کی گئی ہے ۔ اسے درگ ریلوے اسٹیشن پر گرفتار کیا گیا اور ممبئی پولیس امکان ہے کہ بہت جلد چھتیس گڑھ پہونچ کر اس کی شناخت کی توثیق کرے گی ۔ 54 سالہ سیف علی خان اس حملے میں شدید زخمی ہوگئے تھے ۔ انہیں کئی زخم آئے تھے ۔ ان کی ممبئی کے دواخانہ میں سرجری کی گئی تھی ۔ ریلوے پروٹیکشن فورس کے عہدیداروں نے ادعا کیا کہ مشتبہ شخص کو ممبئی ۔ ہوڑہ گیانیشوری ایکسپریس سے ممبئی پولیس کی فراہم کردہ اطلاعات کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا ۔ اس کو دن میں دو بجے اس وقت گرفتار کیا گیا جب ٹرین درگ اسٹیشن پہونچی ۔ کہا گیا ہے کہ مشتبہ شخص جنرل کمپارٹمنٹ میں بیٹھا ہوا تھا ۔ اسے فوری ٹرین سے اتار کر حراست میں لے لیا گیا ۔ اس سے پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے ۔ ممبئی پولیس نے مشتبہ شخص کی تصویر ‘ ٹرین نمبر اور لوکیشن ریلوے پولیس کو روانہ کی تھی جس کے بعد اسے گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ فی الحال وہ آر پی ایف کی تحویل میں ہے ۔ مشتبہ شخص کو ویڈیو کال پر ممبئی پولیس عہدیداروں سے روبرو کروایا گیا ۔ ممبئی پولیس کی ایک ٹیم چھتیس گڑھ کیلئے روانہ ہوگئی ہے اور وہ یہاں پہونچ کر توثیق کرے گی کہ آیا گرفتار شخص وہی ہے جو سیف علی خان پر حملہ کا مرتکب ہے ۔ پوچھ تاچھ پر گرفتار شخص نے پہلے کہا کہ وہ ناگپور جا رہا ہے ۔ بعد میں اس کا کہنا تھا کہ وہ بلاسپور جا رہا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار شخص کے پاس وہی بیاگ ہے جو حملہ کے ملزم کے پاس سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا تھا ۔آر پی ایف عہدیداروں کو یقین ہے کہ گرفتار کردہ شخص وہی ہے جس نے سیف علی خان پر حملہ کیا تھا ۔ اس کی تصویریں ویڈیو فوٹیج میں قید ہوگئی تھیں۔

اداکار سیف علی خان جلد ہی اسپتال سے ڈسچارج ہو جائیں گے
ممبئی : بالی ووڈ اداکار سیف علی خان، جنہیں باندرہ میں اپنی رہائش گاہ پر چاقو سے حملہ کرنے کے بعد کئی زخم آئے تھے ، اب صحت یاب ہو رہے ہیں اور انہیں دو یا تین دنوں میں ڈسچارج کر دیا جائے گا، لیلاوتی ہسپتال کے ڈاکٹروں نے ہفتہ کو یہ بات بتائی۔ واردات کے بعد اداکار کا ایمرجنسی میں آپریشن کیا گیا تھا فی الوقت انھیں ایک خصوصی وارڈ میں ہے اور ڈاکٹروں کے ایک پینل کی نگرانی میں رکھا گیا ہے ۔ دریں اثناء اس معاملے کا ملزم اب تک پولیس کی گرفت سے باہر ہے ، ممبئی پولیس نے کیس کو حل کرنے کیلئے 20 ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔ جمعہ کو پولیس نے ایک مشتبہ کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا تھا لیکن پانچ گھنٹوں کی پوچھ تاچھ کے بعد اسے رہا کر دیا گیا تھا۔