ممبئی : سیف علی خان پر حملے کے حوالے سے ایک کے بعد ایک تازہ ترین خبر سامنے آرہی ہے۔ پولیس نے سیف علی خان کے معاملے میں ایک ملزم
کوگرفتار کرلیا ہے۔ پولیس اس سے مسلسل پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ پوچھ گچھ کے دوران کئی باتیں سامنے آئی ہیں۔ یاد رہے کہ 16 جنوری کو ایک شخص سیف کے گھر میں داخل ہوا اور اس پر چاقو سے حملہ کیا۔ اس معاملے میں نئی معلومات سامنے آئی ہیں۔ ممبئی پولیس اس وقت جس شخص سے پوچھ گچھ کر رہی ہے اس کا نام شاہد ہے۔ پولیس نے اسے فاک لینڈ روڈ گرگاؤں سے حراست میں لیا ہے۔ شاہد جسے حراست میں لیا گیا ہے، اس کے خلاف پہلے ہی 4-5 گھر توڑنے کے مقدمات درج ہیں۔ تاہم، کیا یہ وہی شخص ہے جس نے سیف علی خان پر حملہ کیا تھا، ابھی کچھ واضح نہیں ہے۔ رپورٹس پر یقین کیا جائے تو شاہد نے شاہ رخ خان کے گھر کو بھی نشانہ بنایا تھا۔ پکڑے گئے شاہد کا چہرہ کیمرے میں قید حملہ آورکے چہرے سے ملتا ہے لیکن اب تک کی تحقیقات میں سیف کے معاملے سے شاہد کا کوئی تعلق سامنے نہیں آیا ہے۔ دریں اثناء ڈاکٹر نے میڈیکل بلیٹن کے دوران بتایا کہ سیف اب بہتر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر چاقو 2 ملی میٹر تک گہرائی میں چلا جاتا تو سیف کی جان کو خطرہ ہو سکتا تھا۔ سرجری کے بعد سیف کو اب آئی سی یو سے خصوصی کمرے میں منتقل کردیا گیا ہے۔ تاہم سیف کو ایک ہفتے کا مکمل آرام کی ہدایت دی گئی ہے اور لوگوں کو ان سے ملنے سے منع کیا گیا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ سیف فی الحال اپنے قریبی لوگوں سے نہیں مل پائیں گے۔