سیلابی مسائل کے حل کیلئے حکومت پابند عہد:رکن اسمبلی

   

میدک، 27 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)میدک کے رکن اسمبلی ڈاکٹر مائنم پلی روہت راؤ نے کہا کہ عوامی حکومت سیلاب متاثرین کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ان کے مسائل کے حل کیلئے پابند عہد ہے۔ حالیہ دنوں میں ضلع میدک میں ہوئی موسلادھار بارش کے باعث حویلی گھنپور منڈل سے تعلق رکھنے والے دو متاثرہ خاندان اپنے عزیزوں کو سیلابی پانی میں کھو بیٹھے تھے۔ ان دونوں خاندانوں کی امداد میں ہر ایک کو پانچ پانچ لاکھ روپئے کے حساب سے جملہ دس لاکھ روپئے کے چیکس ہفتہ کے دن رکن اسمبلی کیمپ آفس میں تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر رکن اسمبلی نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود ہی ان کی حکومت کا نصب العین ہے اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو سہارا دینے میں حکومت کسی قسم کی کمی نہیں کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بارشوں کے باعث کھڑی فصلوں اور دیگر جائیدادوں کو جو نقصان ہوا ہے اس کا جائزہ عہدیدار لے رہے ہیں۔ عوام کو مشورہ دیا کہ بھاری بارش کے دوران احتیاط برتیں اور ضرورت کے بغیر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ اس موقع پر حویلی گھنپور تحصیلدار محترمہ سندھورینوکا، سابق میونسپل چیئرمین ٹی چندرپال، یوتھ کانگریس ضلع صدر پرشو رام گوڑ، کانگریس قائدین و دیگر شریک تھے۔