سیلاب کی امداد کی تقسیم میں بڑے پیمانہ پر بے قاعدگیوں کا الزام

,

   

ٹی آر ایس اور مجلس قائدین ملوث، کمشنر بلدیہ سے کانگریس قائدین کی ملاقات
حیدرآباد: کانگریس پارٹی نے گریٹر حیدرآباد کے حدود میں سیلاب کے متاثرین میں امداد کی تقسیم کو بدعنوانیاں اور بے قاعدگیوں سے پر قرار دیا اور الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس اور مجلس کے قائدین میں حقیقی متاثرین کے بجائے اپنے ہمدردوں میں امدادی رقم تقسیم کی ہے۔ کانگریس قائدین کے ایک وفد نے صدر گریٹر حیدرآباد انجن کمار یادو کی قیادت میں کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار سے ملاقات کی ۔ اے آئی سی سی ترجمان ڈاکٹر ڈی شراون ، فیروز خاں ، میناریٹی ڈپارٹمنٹ کے صدرنشین شیخ عبداللہ سہیل ، سابق ڈپٹی میئر راج کمار ، نائب صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی محمد راشد خاں اور دیگر قائدین نے شہر میں امدادی رقم کی تقسیم میں دھاندلیوں کی تفصیلات سے کمشنر کو واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ بلدی انتخابات میں فائدہ حاصل کرنے کیلئے ٹی آر ایس اور مجلس نے اپنے حامیوں میں رقم تقسیم کردی اور حقیقی متاثرین کو نظر انداز کردیا گیا۔ کانگریس قائدین نے حکومت کی جانب سے جاری کردہ رقم کے بے جا استعمال کی شکایت کرتے ہوئے دھاندلیوں کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ امدادی رقم کی تقسیم عہدیداروں کے ذریعہ کرنے کے بجائے ٹی آر ایس اور مجلس کے مقامی قائدین کے حوالے رقم کردی گئی تھی۔ انہوں نے گریٹر حیدرآباد میں 3.87 لاکھ خاندانوں میں تقسیم کی گئی 387 کروڑ کی رقم کی تفصیلات عوام میں پیش کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ متاثرین کے نام منظر عام پر آسکیں۔ کانگریس قائدین نے کمشنر بلدیہ کو مشورہ دیا کہ بلدی عہدیداروں کے علاوہ محکمہ جات ، ریونیو ، آر اینڈ بی اور پنچایت راج کے عہدیداروں پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دی جائیں جو حقیقی متاثرین کی نشاندہی کرتے ہوئے امدادی رقم بینک اکاؤنٹ میں جمع کرائیں۔ انہوں نے گریٹر حیدرآباد میں 170 کروڑ کی مابقی رقم شفافیت کے ساتھ تقسیم کرنے کا مطالبہ کیا ۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انجن کمار یادو اور فیروز خاں نے کہا کہ کمشنر بلدیہ نے حقیقی متاثرین میں امدادی رقم کی تقسیم کا تیقن دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے قاعدگیوں سے واقف ہونے کے باوجود کمشنر بلدیہ تبصرہ کرنے سے قاصر رہے۔ انہوں نے کہا کہ امداد کی تقسیم میں بڑے پیمانہ پر کرپشن کیا گیا ہے ۔ حکومت نے 10,000 روپئے کا اعلان کیا تھا لیکن 2 تا 5 ہزار روپئے ادا کرتے ہوئے باقی رقم ہڑپ کرلی گئی ۔ ٹی آر ایس اور مجلس کے قائدین نے لاکھوں روپئے کی الٹ پھیر کی ہے۔ امداد کی تقسیم کے سیاسی فائدہ کیلئے استعمال کیا گیا ہے۔ فیروز خاں نے کہا کہ وہ بے قاعدگیوں کے سلسلہ میں عہدیداروں کو پہلے ہی آگاہ کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی متاثرین کو امداد کی فراہمی کیلئے کانگریس جدوجہد جاری رکھے گی۔