سیل فون سے دور رہنے ماں کی تاکید پر گھر سے فرار لڑکی کی خودسوزی

   

حیدرآباد۔ سیل فون کے استعمال پر والدہ سے جھگڑے کے بعد ایک نوجوان لڑکی نے خود سوزی کرلی۔ گھٹکیسر پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا جہاں 17 سالہ شروانتی نے خودسوزی کرلی ۔ آوٹر رنگ روڈ گھٹکیسر میں سرویس روڈسے متصل مقام پر اس کی نعش دستیاب ہوئی ۔ لڑکی کل رات والدہ سے جھگڑے کے بعد گھر سے نکل گئی تھی۔ شروانتی انوجی گوڑہ علاقہ کے ساکن ڈی وشنو کی بیٹی تھی۔ وشنو پیشہ سے ہوم گارڈ بتایا گیا ہے۔ شروانتی اکثر سیل فون میں مصروف رہتی تھی اور اس بات پر اس کی والدہ اسے ڈانٹ ڈپٹ کرتی تھی اور سیل فون سے دور رہنے کیلئے اس کی سرزنش کی تھی۔ کل رات بھی ماں بیٹی میں بحث و تکرار ہوئی اور رات گھر میں سب سوجانے کے بعد شروانتی مکان سے نکل گئی ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔