نئی دہلی، 12 جون (سیاست ڈاٹ کام) سینئر صحافی ونود دوا کے خلاف شملہ کے کمار سین میں غداری کا معاملہ درج کیا گیا ہے اور انہیں ہفتہ کو جانچ میں شامل ہونے کیلئے سمن بھیجا گیا ہے ۔ونود نے اپنے فیس بک پیج پر جمعہ کو اس کی اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ شملہ پولیس نے صبح انہیں ایک نوٹس دیا اور کل صبح 10 بجے پوچھ گچھ کیلئے کمارسین تھانے طلب کیا ہے ۔انہوں نے پولیس نوٹس کی کاپی بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے ، جس میں اجے شیام کی شکایت پر پولیس نے معاملہ درج کیا ہے ۔ کمار سین پولیس نے ونود کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعات 124 (اے )، 268، 501، 505 کے تحت معاملہ درج کیا ہے ۔واضح رہیکہ دہلی بی جے پی کے ترجمان نوین کمار کی شکایت پر دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے 4 جون کو لکشمی نگر تھانے میں ونود کے خلاف ’فیک نیوز‘ پھیلاکر باہمی ہم آہنگی خراب کرنے کے الزام میں ایف آئی آر درج کی تھی۔ کمار نے ان پر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے دہلی فسادات جیسے حساس معاملے پر سوچ سمجھ کر افواہ اور غلط اطلاع پھیلانے کا کام کیا۔ اس معاملے میں دہلی کی سیشن عدالت نے چہارشنبہ کو عبوری ضمانت دی ہے ۔ایڈیٹرس گلڈ آف انڈیااور مہاراشٹر ٹیلی ویژن جرنلسٹ ایسوسی ایشن نے ونوددوا کی حمایت میں بیان جاری کیا تھا۔ گلڈ نے کہا تھا کہ ونوددوا پر حملہ دراصل ان کے اظہارخیال کی آزادی پر حملہ ہے۔