آندھراپردیش ہائی کورٹ کے احکامات
حیدرآباد۔16۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) آندھراپردیش میں سینما تھیٹرس میں ٹکٹوں کی شرح کے تعین کیلئے ہائیکورٹ نے سرکاری کمیٹی کے قیام کی ہدایت دی ہے۔ آندھراپردیش ہائی کورٹ میں آج حکومت کی دائر ریویو پٹیشن کی سماعت ہوئی۔ سنگل جج کی جانب سے سینما ٹکٹوں کی شرح میں کمی سے متعلق حکومت کے احکام کو کالعدم کردیا گیا تھا جس کے خلاف ڈیویژن بنچ پر اپیل کی گئی ۔ تھیٹرس مالکین شرحوں میں کمی کی مخالفت کر رہے ہیں۔ چیف جسٹس پرشانت کمار مشرا کی زیر قیادت ڈیویژن بنچ نے تھیٹر مالکین کو ہدایت دی کہ وہ شرحوں پر اپنی تجاویز جوائنٹ کلکٹرس کے پاس پیش کریں۔ حکومت کی تشکیل کردہ کمیٹی فیصلہ کرے گی۔ چیف جسٹس نے آئندہ سماعت پیر کو مقرر کی ہے ۔ واضح رہے کہ حکومت نے جی او 35 جاری کرتے ہوئے ٹکٹوںکی شرح میں کمی کا فیصلہ کیا تھا۔ تھیٹرس مالکین کا کہنا ہے کہ نئی فلموں کی ریلیز کے وقت شرحوں میں کمی مناسب نہیں ۔ پرنسپل سکریٹری وزارت داخلہ کی جانب سے ڈیویژن بنچ پر اپیل کی گئی چیف جسٹس پرشانت کمار مشرا اور جسٹس اے ستیہ نارائن مورتی پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے فریقین کی سماعت کے بعد حکومت کو کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت دی ۔ر