سینٹ اینس کالج فار گرلز میں عربی خطاطی پر ورکشاپ

   

ممتاز خطاط سید موسیٰ نے طالبات کو خطاطی کے رموز بتائے
حیدرآباد ۔ 26 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز): شہر حیدرآباد فرخندہ بنیاد کو اس بات کا اعزاز حاصل ہے کہ اس کے دامن میں اپنے کام سے مہارت کے ذریعہ اپنی ایک منفرد پہچان بنائی ہے ۔ ان میں ایک نام ممتاز خطاط جناب سید موسیٰ کا بھی ہے جن کے تیار کئے گئے فن خطاطی کے شہ پاروں کی نمائش ملک و بیرون ملک منعقد ہوچکی ہے اور خاص و عام نے اس کی پذیرائی کی ۔ حال ہی میں سینٹ اینس کالج فار ویمن کے شعبہ عربی اور امروزیہ کلب نے عربی خطاطی پر ایک ورکشاپ کا اہتمام کیا ۔ 18 اور 19 ستمبر کو منعقد ہوئے اس دو روزہ ورکشاپ میں ممتاز خطاط سید موسیٰ کو بطور خاص مدعو کیا گیا اور انہوں نے محترمہ نشاط فاطمہ صدر شعبہ عربی کی نگرانی میں خطاطی کے بے شمار نمونے پیش کئے اور طالبات کو خطاطی کے رموز و اسرار سے واقف کروایا اور بتایا کہ فن خطاطی کو دنیا میں خاص اہمیت دی جاتی ہے ۔ ڈین آف اکیڈیمک مسز اسمیتا استھانہ کی صدارت میں ہوئے اس ورکشاپ کا آغاز قرات کلام پاک سے ہوا ۔ مسز اسمیتا استھانہ نے اپنے خطاب میں فن خطاطی کی خوبیوں پر روشنی ڈالی اور پر اثر انداز میں کہا کہ ہمارے کالج میں اس طرح کے ورکشاپ ہونے چاہئے ۔ جناب سید موسیٰ کے فن خطاطی سے وہ کافی متاثر ہوئیں اور طالبات کو بتایا کہ انہوں نے ایسا فن اپنے دورہ سمرقند کے دوران چند سال قبل وہاں کے میوزیم میں دیکھا تھا ۔ طالبات نے بھی ورکشاپ میں گہری دلچسپی دکھائی اور خود کچھ لکھنے کی بھی مشق کی ۔ اپنی طرز کے اس منفرد ورکشاپ میں سینٹ اینس ، ایم ایس ، شاداں ، ونیتا اور انوارالعلوم کالج کی طالبات نے شرکت کی ۔ صدر شعبہ عربی مسز نشاط فاطمہ اور فیکلٹی ممبر مسز سیدہ مریم نواز کے ہاتھوں اسناد کی تقسیم بھی عمل میں آئی ۔ زاہدہ نیازی طالبہ نے بہتر انداز میں نظامت کے فرائض انجام دئیے ۔۔