حیدرآباد۔ بالی ووڈ ٹریڈ تجزیہ کار رمیش بالا نے ایک ویڈیو سوشیل میڈیا پر شئیر کرتے ہوئے دکھایا ہے کہ ضرورت مند لوگ اب بھی اداکار سونو سود سے ملاقات کرتے ہوئے مدد طلب کر رہے ہیں۔ رمیش بالا نے اس ویڈیو کو پیش کرتے ہوئے کیپشن دیا ہے کہ کئی لوگ اب بھی سینکڑوں کیلومیٹر کا سفر کرتے ہوئے رحم دل سونو سود سے ملاقات کر رہے ہیں اور اپنی ضروریات بیان کر رہے ہیں۔ اداکار سونو سود حیدرآباد میں فلم کی شوٹنگ کر رہے ہیں۔ رمیش بالا نے کہا کہ کورونا لاک ڈاون حالانکہ اب ختم ہوچکا ہے لیکن سونو سود اب بھی ضرورت مند عوام کی مدد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض مرتبہ خدا خود کسی کو منتخب کرلیتا ہے کہ لوگ اس تک پہونچیں۔ اس پر اداکار سونو سود نے بھی جواب دیتے ہوئے ٹوئیٹ کیا اور رمیش بالا سے اظہار تشکر کیا ۔ انہوں نے تحریر کیا ’ شکریہ ۔ جناب آپ کے حوصلہ افزائی کیلئے ‘۔ واضح رہے کہ سونو سود نے لاک ڈاون کے دوران کئی مائیگرنٹ ورکرس کو ان کے آبائی مقامات تک بھیجنے میں نمایاں خدمات انجام دی تھیں۔