سیول سپلائیز کارپوریشن کے ذریعہ 9 اضلاع میں پٹرول پمپس کا قیام

   

حیدرآباد۔21۔اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ سیول سپلائیز کارپوریشن نے ریاست کے 9 اضلاع میں پٹرول پمپس کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ کارپوریشن کی آمدنی میں اضافہ کیلئے کتہ گوڑم ، عادل آباد ، میڑچل ، کھمم ، کریم نگر ، رنگا ریڈی ، ملکاجگیری ، سنگا ریڈی ، جگتیال اور میدک میں پٹرول پمپس قائم کئے جائیں گے۔ کارپوریشن کے صدرنشین سردار رویندر سنگھ نے کہا کہ کارپوریشن نے پہلے مرحلہ میں 9 پٹرول پمپس کے قیام کا فیصلہ کیا ہے جبکہ دوسرے مرحلہ میں 10 دیگر اضلاع کا احاطہ کیا جائے گا ۔ رویندر سنگھ نے کہا کہ کارپوریشن نے پٹرول پمپس کے قیام کیلئے موزوں مقامات کا تعین کرنے کیلئے عہدیداروں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی ہے۔ ایچ پی سی ایل ، بی پی سی ایل اور آئی او سی ایل کمپنیوں کو سفارش کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ کریم نگر ، رنگا ریڈی ، میڑچل اور سنگا ریڈی میں پٹرول پمپس آئی او سی ایل کمپنی کو الاٹ کئے گئے جبکہ کتہ گوڑم ، میڑچل اور کھمم میں ایچ پی سی ایل کی جانب سے پٹرول پمپس قائم کئے جائیں گے۔ جگتیال اور میدک کی ذمہ داری بی پی سی ایل کو دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئیل مارکیٹنگ کمپنیوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ پٹرول پمپس کے قیام کے مرحلہ کی فوری تکمیل کریں۔ رویندر سنگھ نے کہا کہ عوام کو ملاوٹ کے بغیر پٹرول کی سربراہی یقینی بنانے کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا۔ کارپوریشن کے تحت تین پٹرول پمپس اور 11 ایل پی جی ڈسٹریبیوشن ایجنسیز ہیں۔ کارپوریشن کی سالانہ آمدنی 5 کروڑ ہے جو ایل پی جی اور پٹرول کی فروخت سے حاصل ہوتی ہے۔ کارپوریشن آمدنی کو سالانہ 20 کروڑ کرنے کا منصوبہ رکھتاہے۔ر