سیٹلائٹ تصاویر پر مبنی رپورٹ کے مطابق ایران میں میزائل سازی میں اضافہ

   

نیویارک: سیٹلائٹ تصاویر پر مبنی ایک رپورٹ میں ظاہر کیا گیا ہے کہ ایران میزائل کی پیدوار بڑھا رہا ہے۔ سیٹلائٹ تصاویر میں دو بڑی ایرانی بیلسٹک میزائل تنصیبات میں بڑی توسیع کو دکھایا گیا ہے۔ دو امریکی محققین نے اندازہ لگایا ہے کہ ان توسیعوں کا مقصد میزائل کی پیداوار کو بڑھانا ہے۔ اس کی تصدیق تین سینئر ایرانی حکام نے بھی کی ہے۔ دونوں تنصیبات کی توسیع اکتوبر 2022 میں طے پانے والے ایک معاہدے کے بعد ہوئی ہے جس کے تحت ایران نے روس کو میزائل فراہم کرنے پر اتفاق کیا تھا۔ روس ان میزائلوں کو یوکرین کے خلاف جنگ کیلئے حاصل کرنا چاہتا تھا۔امریکی حکام نے کہا کہ ایران یمن میں حوثیوں اور لبنانی حزب اللہ گروپ کو بھی میزائل فراہم کر رہا ہے۔ یہ دونوں گروپ اسرائیل کے خلاف مزاحمت کر رہے ہیں۔ کمرشل سیٹلائٹ کمپنی پلانیٹ لیبز کی جانب سے مارچ میں مدرس ملٹری گیریڑن اور خوجیر میزائل پروڈکشن کمپلیکس کی اپریل میں لی گئی تصاویر سے تہران کے قریب دو مقامات پر 30 سے زیادہ نئی عمارتوں کا انکشاف ہوا ہے۔