مرکزی و ریاستی حکومتوں پر قانون کے استعمال کا الزام ، سید عزیز پاشاہ کا خطاب
حیدرآباد۔10اکٹوبر(سیاست نیوز) سیڈیشن یعنی ملک سے غداری کے دفعات کو اپوزیشن کی آواز دبانے کے لئے ہتھیار کے طور پر استعمال کا مرکزی او رریاستی حکومتوں پر الزام عائد کرتے ہوئے سابق رکن پارلیمنٹ راجیہ سبھا وقومی صدر تنظیم انصاف جناب سید عزیز پاشاہ نے سیڈیشن جیسے قانون میںتبدیلی کی مانگ کی ہے۔آج یہاں اندرا پارک دھرنا چوک پر تنظیم انصاف‘انجمن ترقی پسند اُردو اور تلگوکے علاوہ مختلف تنظیموں کے اشتراک سے سیڈیشن کے بیجااستعمال کے خلاف منعقدہ احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پچھلے چھ سالوں میں سیڈیشن قانون کے بیجا استعمال کے کئی واقعات منظرعام پر آئے ہیں۔ چند دن قبل بہار کے مظفر پور میں ایک بدنام زمانہ وکیل کی جانب سے مقامی عدالت میںدائر کردہ پٹیشن کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ افسوس کی بات تو یہ ہے جوڈیژل مجسٹریٹ نے بھی اس پٹیشن پر کاروائی کی اور ملک کی 49اہم شخصیتوں پر سیڈیشن کا مقدمہ درج کرنے کے لئے رضامند ی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی دبائو اوربرہمی کے پیش نظر بالآخر بہار پولیس نے چہارشنبہ کی شب سیڈیشن کے دفعات ہٹانے کا اعلان کیاہے۔ جمہوری ملک میںوزیراعظم کے نام کھلا مکتوب لکھنے سے ملک کی شبہہ متاثر نہیںہوتی بلکہ اس طرح کی خط و کتابت ملک کے جمہوری نظام کے استحکام کی ضمانت ثابت ہوگی۔ جناب سید عزیز پاشاہ نے کہاکہ ہجومی تشدد ناسور کی طرح ملک کو تباہ کررہاہے۔ اس کے خلاف سپریم کورٹ نے بھی تمام ریاستوں کو واضح ہدایت دیتے ہوئے قانون بنانے کو کہا ہے مگر ہجومی تشدد کے خلاف سخت قانون بنانے میں ریاستی حکومتیں اب تک ناکام ہے جبکہ اسی ہجومی تشدد کے خلاف کھلا مکتوب لکھنے والوں کو سیڈیشن کے دفعات عائد کرتے ہوئے انہیں مبینہ ڈرانے او ردھمکانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ ہجومی تشدد کے خلاف سخت قانون بنانے کی اشد ضرورت ہے ۔ انہوں نے سیڈیشن کو ہٹانے اور ہجومی تشدد کے خلاف سخت قوانین نافذ کرنے کا حکومت سے مطالبہ ہے۔ اس موقع پر آر وی راما رائو ترقی پسند تلگو‘ انجینلو تلنگانہ جرنلسٹ اسوسیشن‘ ایس اے رئوف اُردو ترقی پسند‘ پی نرسمہاپرجالا کلاناٹا منڈلی‘ شیخ ندیم اے آئی وائی ایف‘ راکیش سنگھ اے آئی وائی ایف کے علاوہ سینکڑوں کی تعداد میںشرکاء موجود تھے۔