سیکولرازم اور مذہبی رواداری پر کانگریس کا اٹوٹ ایقان : اتم کمار ریڈی

   

سوریا پیٹ میں دعوت افطار ، تلنگانہ میںاقلیتی بہبود کیلئے حکومت کے ٹھوس اقدامات
حیدرآباد ۔10 ۔ مارچ (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی ملک کی واحد پارٹی ہے جو سیکولرازم پر اٹوٹ ایقان رکھتی ہے اور پارٹی نے ہمیشہ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کی ترقی کیلئے جدوجہد کی ہے۔ اتم کمار ریڈی سوریا پیٹ میں دعوت افطار کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی سے گلی تک کانگریس پارٹی ہمیشہ مسلمانوں کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی تمام مذاہب کا یکساں طور پر احترام کرتی ہے اور سیکولرازم کے ساتھ ساتھ مذہبی رواداری اس کا بنیادی ایجنڈہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تمام طبقات کو ترقی اور فلاح و بہبود کے یکساں مواقع ملنے چاہئے ۔ اتم کمار ریڈی کے ہمراہ ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے صدرنشین پی رمیش ریڈی ، ضلع کانگریس صدر جی نرسیا اور دیگر قائدین نے دعوت افطار میں شرکت کی اور مسلمانوں کو رمضان المبارک کی مبارکباد پیش کی۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ملک میں کانگریس پارٹی سیکولرازم کی علامت ہے ۔ کانگریس حکومتوں کے دوران اقلیتوں کی ہمہ جہتی ترق ی کے ٹھوس قدم اٹھائے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی اور کانگریس قائد راہول گاندھی نے ہمیشہ اقلیتوں کے مفادات کے تحفظ کیلئے جدوجہد کی ہے ۔ تلنگانہ میں اقلیتوں کی بھلائی کیلئے حکومت کے اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ جاریہ اسکیمات کے علاوہ حکومت نے دیگر اسکیمات میں بھی اقلیتوں کی مساوی حصہ داری کو یقینی بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں تعلیمی اور معاشی ترقی کیلئے اقدامات کئے جائیں گے ۔ اتم کمار ریڈی نے سوریا پیٹ ضلع میں شادی خانہ ، کمیونٹی ہال اور مسلم قبرستان کیلئے اراضی الاٹ کرنے کا تیقن دیا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کلکٹر کو اس سلسلہ میں ضروری ہدات دی جائیں گی۔1