سی ایل پی لیڈر کے انتخاب کیلئے ارکان اسمبلی کا آج اجلاس

   

مبصر وینو گوپال کی آمد، اتم کمار ریڈی ، بھٹی وکرامارکا اور وینکٹ ریڈی اہم دعویدار
حیدرآباد ۔ 16 ۔ جنوری (سیاست نیوز) سی ایل پی لیڈر کے انتخاب کیلئے کانگریس ارکان اسمبلی کا اجلاس کل 17 جنوری صبح 9 بجے اسمبلی کے احاطہ میں واقع سی ایل پی آفس میں منعقد ہوگا۔ مبصر کی حیثیت سے اے آئی سی سی کے جنرل سکریٹری انچارج کرناٹک وینو گوپال شرکت کریں گے۔ اے آئی سی سی جنرل سکریٹری انچارج تلنگانہ کنتیا کے علاوہ تین سکریٹریز بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ اجلاس میں ایک سطری قرارداد منظور کرتے ہوئے پارٹی ہائی کمان کو سی ایل پی لیڈر کے انتخاب کا اختیار دیا جائے گا ۔ اجلاس کے فوری بعد وینو گوپال ارکان اسمبلی سے انفرادی طور پر ملاقات کرتے ہوئے ان کی رائے حاصل کریں گے ۔ بعد میں وہ صدر کانگریس راہول گاندھی سے ربط قائم کرتے ہوئے اجلاس اور انفرادی ملاقاتوں کی روداد سے واقف کرائیں گے ۔ توقع ہے کہ شام تک نئے سی ایل پی لیڈر کے نام کا اعلان کردیا جائے گا ۔ کرناٹک میں سیاسی تبدیلیوں کے پیش نظر وینو گوپال کے حیدرآباد پہنچنے میں تاخیر ہوئی ہے۔ حیدرآباد آمد کے بعد انہوں نے آج رات کانگریس کور کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی، جس میں سی ایل پی اجلاس کی حکمت عملی کو قطعیت دی گئی ۔ 119 رکنی تلنگانہ اسمبلی میں کانگریس کے 19 ارکان ہیں اور انہیں قواعد کے مطابق اپوزیشن لیڈر کا درجہ حاصل ہوسکتا ہے۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ سی ایل پی لیڈر کیلئے اتم کمار ریڈی کا نام سرفہرست ہے جنہوں نے پردیش کانگریس کے صدر کی حیثیت سے اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی قیادت کی۔ تلگو دیشم ، سی پی آئی اور تلنگانہ جنا سمیتی کے ساتھ عوامی اتحاد کی تشکیل میں بھی اتم کمار ریڈی کا اہم رول رہا۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ پردیش کانگریس کی صدارت کے بجائے اپوزیشن لیڈر کے عہدہ کو ترجیح دے رہے ہیں کیونکہ لوک سبھا انتخابات سے قبل یا اس کے بعد نئے پی سی سی صدر کے تقرر کی قیاس آرائیاں جاری ہیں۔ سی ایل پی لیڈر کے عہدہ کے دیگر دعویداروں میں ورکنگ پریسیڈنٹ ، بھٹی وکرامارکا، کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی اور سریدھر بابو شامل ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ سریدھر بابو نے اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے صدرنشین کے عہدہ کیلئے بھی اپنی دعویداری پیش کی ہے۔