حیدرآباد ۔ /23 جنوری (سیاست نیوز)شہریت قانون اور این آر سی کیخلاف شہر میں جاری احتجاج کے پیش نظر جمعہ کے موقع پر پرانے شہر میں پولیس نے سکیورٹی میں اضافہ کردیا ۔ جمعہ بندوبست کیلئے موثر سکیورٹی اقدامات کئے جارہے ہیں اور زائد پولیس عہدیداروں کو تعینات کیا جارہا ہے ۔ بعد نماز جمعہ مکہ مسجد کے اطراف علاقوں میں سنٹرل کرائم اسٹیشن (سی سی ایس) سے وابستہ 5 اسسٹنٹ کمشنران اور 7 زائد انسپکٹران کو تعینات کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں ۔ ان عہدیداروں کو ایک مخصوص پولیس اسٹیشن کی ذمہ داری دی گئی ہے تاکہ کسی بھی قسم کی ناگہانی صورتحال میںمقامی پولیس کو مدد کریں ۔ ایڈیشنل کمشنر لا اینڈ آرڈر مسٹر ڈی ایس چوہان نے اس سلسلے میں پولیس کو چوکس رہنے کیلئے کہا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ تاریخی چارمینار اور مکہ مسجد کے قریب ریاپڈ ایکشن فورس کے علاوہ سٹی آرمڈ ریزرو اور مقامی لا اینڈ آرڈر پولیس کو تعینات کیا جارہا ہے ۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ ایجنسیز کے ذریعہ یہ اطلاع موصول ہوئی ہے کہ بعد نماز جمعہ پرانے شہر میں شدت سے احتجاج کیا جائے گا ۔