سی وی آنند دوبارہ حیدرآباد کے کمشنر پولیس مقرر

   

ریاست میں پانچ آئی پی ایس عہدیداروں کے تبادلے
حیدرآباد 7 ستمبر (سیاست نیوز) حیدرآباد سٹی پولیس کمشنر کا تبادلہ کردیا گیا اور نئے کمشنر کے طور پر سینئر آئی پی ایس عہدیدار سی وی آنند کا تقرر عمل میں لایا گیا ۔ سی وی آنند کو دوسری مرتبہ یہ موقع فراہم کیا گیا ۔ ریاست میں 5 آئی پی ایس عہدیداروں کے تبادلے کئے گئے ہیں۔ کمشنر پولیس حیدرآباد سرینواس ریڈی کا ڈائرکٹر جنرل ویجلنس ‘سی وی آنند کا ڈائرکٹر اینٹی کرپشن بیورو سے حیدرآباد سٹی پولیس کمشنر ‘مسٹر وجے کمار کا اڈیشنل ڈائرکٹر جنرل (پرنسل) سے ڈائرکٹر جنرل اے سی بی ‘مسٹر مہیش بھگوت اڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پولیس لا اینڈ آرڈر کو مکمل ذمہ داری دے کر اڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پرسنل مقرر کیا گیا ہے جبکہ ایم رمیش انسپکٹر جنرل پولیس پروویژننگ و لاجسٹک کو اڈیشنل چارج دیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس (اسپورٹس) مقرر کیا گیا ہے۔ کمشنر پولیس مقرر کئے گئے سی وی آنند کا تعلق 1991 بیاچ سے ہے جو سابقہ میں بھی یہ ذمہ داری انجام دے چکے ہیں۔ سی وی آنند متحدہ آندھراپردیش میں کئی اہم عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں اور محکمہ پولیس میں اصلاحات اور نئی پالیسیوں کی ایجاد کا سہرہ بھی آنند کے سر ہے۔ گنیش وسرجن میں مورتیوں کو منتقل کرنے والی گاڑیوں کو نمبرات جاری کرنے اور لیک پولیس کے قیام کے علاوہ ٹریفک سربراہ کے طورپر ٹریفک بہاؤ کو آسان بنانے فری لیفٹ ٹریفک کی پالیسی رائج کیا تھا۔ ڈسمبر 2021ء سے اکٹوبر 2022ء تک سی وی آنند سٹی پولیس کمشنر رہے۔ انتخابات میں الیکشن کمیشن کی ہدایت پر ان کا تبادلہ کیا گیا تھا جس کے بعد سندیپ شنڈیلیہ اور کے سرینواس ریڈی کمشنر پولیس رہے۔ آنند کو شہر میں خدمات کا کافی تجربہ ہے اور مشکل وقت حالات کو قابو کرنے میں مہارت ہے۔ موجودہ صورتحال اور تہواروں کے موقع پر کمشنر پولیس کی تبدیلی اور آنند کے تقرر کے فیصلے کو دوراندیش فیصلہ قرار دیا جارہا ہے۔ کمشنر کی حیثیت سے سی وی آنند کے تقرر پر شہری حلقوں میں مسرت پائی جاتی ہے۔ ع