سی پی آئی اور سی پی آئی ایم کے درمیان انتخابی مفاہمت

   

دونوں پارٹیوں کے قائدین کا اجلاس ، ایس سدھاکر ریڈی کا بھونگیر اور کھمم کے امیدواروں کا اعلان
حیدرآباد ۔ 13 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ میں آئندہ ماہ منعقد ہونے والے لوک سبھا انتخابات کے سلسلہ میں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا ( سی پی آئی ) اور کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا ( مارکسٹ ) سی پی آئی ایم نے ’ دیر آئید درست آئید ‘ کے مصداق ایک طویل عرصہ کے بعد آپسی سمجھوتہ کے ذریعہ مجوزہ لوک سبھا انتخابات میں ایکدوسرے کے ساتھ بھر پور تعاون کرلینے و تال میل برقرار رکھنے سے متعلق نتیجہ پر پہونچے ہیں ۔ لیکن دیکھنا یہ ہے کہ دونوں کمیونسٹ جماعتوں سی پی آئی اور سی پی آئی ایم کے مابین آپسی تعاون و تال میل صرف ظاہری ہوگا یا واقعی طور پر عملی ہوگا ؟ اس تعلق سے حقیقت انتخابات کے دوران ہی واضح ہوسکے گی ۔ ذرائع کے مطابق سی پی آئی جن حلقہ جات لوک سبھا سے انتخاب میں حصہ لے گی ۔ ان حلقہ جات میں سی پی آئی ایم اور سی پی آئی ایم جن حلقہ جات لوک سبھا سے انتخاب میں حصہ لے گی ان حلقہ جات میں سی پی آئی ایم و سی پی آئی ایکدوسرے کے لیے سایہ اور ڈھال بننے کے لیے سی پی آئی اور سی پی آئی ایم کے مابین آپسی سمجھوتہ طئے پایا ہے ۔ ذرائع نے بتایا جاتا ہے کہ دونوں ہی بائیں بازو جماعتیں بائیں بازو جماعتوں کے امیدواروں کی کامیابی کو یقینی بنانے کی ممکنہ کوشش کریں گے ۔ جب کہ بائیں بازو جماعتوں سی پی آئی اور سی پی آئی ایم کی قومی قیادت کی جانب سے ریاستی بائیں بازو جماعتوں کو موصولہ ہدایات کی روشنی میں ریاستی سی پی آئی ہیڈ کوارٹر مخدوم بھون میں دونوں بائیں بازو جماعتوں کے اہم قائدین کا ایک اہم اجلاس منعقد کیا گیا ۔ اس اجلاس میں ہوئے مباحث کامیاب رہے جس کے نتیجہ میں سی پی آئی نے دو حلقہ جات لوک سبھا اور سی پی آئی ایم نے دو حلقہ جات لوک سبھا سے انتخاب لڑنے کا متفقہ فیصلہ کیا گیا اس فیصلہ کی روشنی میں قومی جنرل سکریٹری سی پی آئی مسٹر ایس سدھاکر ریڈی نے حلقہ جات لوک سبھا بھونگیر اور کھمم سے مقابلے کے لیے امیدواروں کا اعلان کیا ۔ جب کہ ریاستی سی پی آئی ایم قیادت نے حلقہ جات لوک سبھا نلگنڈہ اور محبوب آباد سے انتخابی مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ سی پی آئی اور سی پی آئی ایم قائدین نے واضح طور پر کہا کہ محض مرکز میں بی جے پی اور تلنگانہ میں ٹی آر ایس کو ناکام بنانے کے مقصد سے ہی ماسوا بی جے پی و ٹی آر ایس دیگر تمام سیاسی جماعتوں سے متحدہ جدوجہد کرنے اور دونوں بائیں بازو جماعتوں کے امیدواروں کو کامیاب بنانے میں اپنی بھر پور مدد کرنے کی پر زور اپیل کی ۔ علاوہ ازیں جن حلقہ جات لوک سبھا میں سی پی آئی اور سی پی آئی ایم امیدوار انتخابی مقابلہ میں نہ پائے جائیں ۔ ان حلقہ جات میں ضرورت پڑنے پر کانگریس امیدواروں کی کامیابی کے لیے بائیں بازو جماعتیں اپنی حتی المقدور کوشش کریں گے ۔ اسی دوران سی پی آئی اور سی پی آئی ایم جماعتوں کے مابین طئے پائے معاہدے کا بہوجن لیفٹ فرنٹ نے خیر مقدم کیا ۔ صدر نشین بہوجن لیفٹ فرنٹ مسٹر این سوریہ پرکاش نے دونوں بائیں بازو جماعتوں کے لوک سبھا امیدواروں کو کامیاب بنانے کے لیے بھر پور تعاون بلکہ مکمل تائید کرنے کا اعلان کیا اور بتایا کہ مذکورہ چار لوک سبھا حلقہ جات کے ماسوا دیگر حلقہ جات لوک سبھا کے لیے بہوجن لیفٹ فرنٹ بہت جلد اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کرے گا ۔۔