بی جے پی رکن پارلیمنٹ کی گرفتاری کا مطالبہ، عزیز پاشاہ اور سامبا سیوا راؤ کی شرکت
حیدرآباد۔/9 مئی، ( سیاست نیوز) سی پی آئی تلنگانہ اسٹیٹ کونسل کی جانب سے حیدرآباد میں حمایت نگر میں ریلی منظم کی گئی تاکہ نئی دہلی میں احتجاج کرنے والی خاتون ریسلرس سے اظہار یگانگت کیا جائے۔ سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری سامبا سیوا راؤ کے علاوہ قومی سکریٹری سید عزیز پاشاہ، سابق سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی اور دیگر قائدین نے ریلی میں حصہ لیا۔ نئی دہلی میں خاتون ریسلرس نے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ پر جنسی ہراسانی کا الزام عائد کرتے ہوئے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ کامن ویلتھ گیمس میں ملک کیلئے میڈلس حاصل کرنے والی خاتون ریسلرس کو سماج کے مختلف طبقات سے تائید حاصل ہوئی ہے۔ بی جے پی رکن پارلیمنٹ برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف پولیس نے ایف آئی آر درج کرلی لیکن آج تک گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔ سی پی آئی قائدین نے رکن پارلیمنٹ کو فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ بی جے پی حکومت انہیں بچانے کی کوشش کررہی ہے۔ سی پی آئی قومی سکریٹری عزیز پاشاہ نے کہا کہ خاتون ریسلرس نے ملک کیلئے بین الاقوامی سطح پر شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے نام روشن کیا لیکن ریسلنگ اسوسی ایشن کے سربراہ نے ان کے ساتھ زیادتی کی ہے۔ نئی دہلی میں جنتر منتر کے پاس خاتون ریسلرس کے احتجاج کو جبراً ختم کرانے کی کوشش کی گئی۔ سی پی آئی اور اس کی محاذی تنظیموں کے قائدین نے جن میں خواتین شامل ہیں‘ بی جے پی رکن پارلیمنٹ کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ر