سی پی آئی حضورنگر میں ٹی آر ایس کی تائید کی غلطی نہ کرے: ہنمنت رائو

   

حیدرآباد۔30 ستمبر (سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت رائو نے سی پی آئی سے اپیل کی کہ وہ حضورنگر کے ضمنی چنائو میں کانگریس کی تائید کرے۔ نئی دہلی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت رائو نے کہا کہ گزشتہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس اور سی پی آئی نے مل کر مقابلہ کیا تھا۔ حضورنگر میں کانگریس کی تائید کے مسئلہ پر ہنمنت رائو نے سی پی آئی کے قومی قائد ڈی راجہ سے بات چیت کی۔ ہنمنت رائو کا کہنا ہے کہ اگر سی پی آئی ٹی آر ایس کی تائید کرتی ہے تب بھی کانگریس کو کوئی خاص فرق نہیں پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کی مخالف عوام پالیسیوں کے خلاف جدوجہد کرنے والی سی پی آئی انتخابات میں ٹی آر ایس کی تائید کی غلطی نہ کرے۔ ہنمنت رائو نے کہا کہ ٹی آر ایس کو شکست کا خوف لاحق ہوچکا ہے جس کے نتیجہ میں وہ مختلف پارٹیوں کی تائید حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ ہنمنت رائو نے بتایا کہ حضور نگر بنیادی طور پر کانگریس کا گڑھ ہے اور ٹی آر ایس لاکھ کوششوں کے باوجود کامیاب نہیں ہوپائے گی۔ سرکاری مشنری کے استعمال کا الزام عائد کرتے ہوئے ہنمنت رائو نے کہا کہ دولت اور طاقت کے ذریعہ پارٹی کارکنوں کے حوصلوں کو پست نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے تمام قائدین متحد ہیں اور مشترکہ انتخابی مہم کے ذریعہ پدماوتی ریڈی کی کامیابی کو یقینی بنائیں گے۔