شادنگرمیں انتخابی انتظامات پرکلکٹرکا اظہار اطمینان

   

شادنگر 31 ؍ جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) رنگا ریڈی ضلع کلکٹر نارائن ریڈی نے شادنگر میونسپل الیکشن عہدے داروں کو ہدایت دی کہ شادنگر میونسپل انتخابات کے عمل کو خوش اسلوبی اور منصفانہ طریقہ سے مکمل کیا جائے۔ 11 / فبروری کو ہونے والے شادنگر میونسپل انتخابات کے پیش نظر انتظامات اور انتخابی عمل کا ضلع کلکٹر نارائن ریڈی اور الیکشن آبزرور مایانک مِتّل نے جائزہ لیا۔ ہفتہ کے روز کلکٹر نے مقامی میونسپلٹی کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے دفتر میں جاری جانچ کے عمل کا خود مشاہدہ کیا۔ انتخابات سے متعلق انتظامات اور دیگر امور کے بارے میں اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر و میونسپل کمشنر سنیتا ریڈی سے معلومات حاصل کی۔ انتخابات کے لیے درکار فرنیچر اور اسٹیشنری سمیت دیگر سہولیات کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے نامزدگیوں سے متعلق جانچ کے عمل کو بھی خود دیکھا اور ہدایت دی کہ انتخابات کے سلسلہ میں کسی قسم کی لاپرواہی نہ برتی جائے اور تمام افسران و عملہ مل کر انتخابات کو کامیاب بنانے کے لیے پوری محنت کریں۔ اس موقع پر کلکٹر نے جاری انتخابی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اسی طرح مقامی افسر سنی?تا ریڈی نے بتایا کہ انتخابات کے بعد 13 / فبروری کو ہونے والی ووٹوں کی گنتی اور نتائج کے لیے شادنگر انڈور اسٹیڈیم میں تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ کلکٹر کے ہمراہ مقامی آر ڈی او سریتا، ایم آر او ناگیا اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔