ریاستی وزیر کی عوام سے ملاقات، انتخابی مہم کے دوران پارٹی کارکنوں میں جوش و خروش
شادنگر۔ 6 فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) اماں.. خیریت سے ہیں؟ ہماری حکومت کیسی ہے؟ کیا سرکاری اسکیموں کا فائدہ مل رہا ہے؟ آپ کے ایم ایل اے کی کارکردگی کیسی ہے؟ ان سوالات کے ساتھ ریاست کے وزیر صحت دامودھر راج نرسمہا نے ووٹروں سے بات چیت کی۔ وہ 14ویں وارڈ کے امیدوار اندے موہن کی حمایت میں انتخابی مہم کے سلسلہ میں شادنگر حلقہ کے دورے پر آئے ہوئے تھے۔ مقامی بھوانی ماتا مندر کے پاس رچّا بنڈہ درخت کے نیچے ایک چبوترے پر بیٹھ کر خواتین سے گفتگو کی اور ان کے درپیش مسائل کے متعلق معلومات حاصل کی۔ اسی طرح مختلف گلیوں میں گھوم کر کانگریس حکومت کے بارے میں رائے لی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اپنے امیدوار اندے موہن کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔ اس موقع پر ایم ایل اے ویرلا پلی شنکر، سابقہ ایم ایل اے پرتاپ ریڈی سمیت دیگر رہنما بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔ انتخابی مہم کے دوران انہوں نے ووٹروں سے درخواست کی کہ کانگریس پارٹی کے امیدواروں کو ووٹ دے کر میونسپلٹی کو کانگریس کے حوالے کریں۔ انتخابی مہم کے لیے ریاستی وزیر صحت و طبی خدمات دامودھر راج نرسِمھا کی کانگریس پارٹی قائدین کی جانب سے شاندار استقبال کیا گیا۔ وزیر کی آمد پر نعروں کے ساتھ جوش و خروش کے ساتھ قائدین اور کارکنان نے ریاستی وزیر صحت دامودھر راج نرسِمھا کا شاندار استقبال کیا۔ شہر کے 14ویں وارڈ میں کانگریس امیدوار اندے موہن اور 15ویں وارڈ میں ماریہ بیگم کی حمایت میں انہوں نے گھر گھر انتخابی مہم چلائی۔ اس موقع پر ایم ایل اے ویرلا پلی شنکر، سابقہ ایم ایل اے چولا پلی پرتاپ ریڈی، تانڈرا کاشی ناتھ ریڈی، سابقہ ایم پی پی شیو شنکر گوڑ کی قیادت میں قائدین اور کارکنان نے بڑے پیمانے پر ان کا پْرجوش استقبال کیا۔ کانگریس کے حامیوں نے عمارتوں کی چھتوں سے پھولوں کی بارش کی۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں موجود قائدین، کارکنان اور خصوصاً خواتین نے رقص کے ساتھ ان کا استقبال کیا۔