رائیل ریجنسی گارڈن میں سیاست اور ملت فنڈ کا رشتوں کا دو بہ دو پروگرام، والدین کی شرکت، مختلف شخصیتوں کا خطاب
حیدرآباد ۔ 22 جون (سیاست نیوز) سیاست اور ملت فنڈ کے زیراہتمام کا لڑکوں اور لڑکیوں کو رشتہ ازدواج سے منسلک کرنے کیلئے 142 واں دو بہ دو ملاقات پروگرام رائل ریجنسی گارڈن آصف نگر روڈ پر منعقد ہوا جس میں شہر حیدرآباد ہی نہیں بلکہ اضلاع اور مضافات علاقوں سے والدین کی کثیر تعداد شریک تھی ۔ پروگرام کے اختتام تک لوگ بائیوڈاٹاس کی مدد سے مشاورت کرتے ہوئے دیکھے گئے۔ انجینئرنگ سیکشن نوجوانوں کیلئے بائیو ڈاٹا اور فوٹو اسکرین پر ڈالی گئی۔ پروگرام میں انجینئرنگ کاؤنٹر کے علاوہ دیگر کاؤنٹرس پر والدین و سرپرستوں کی کثیر تعداد باہمی مشاورت کرتے ہوئے دیکھے گئے۔ جناب الیاس باشاہ نے یاد دلوایا کہ سیاست اور ملت فنڈ جناب زاہد علی خان ایڈیٹر سیاست کی نگرانی میں اس بات کا بیڑہ اٹھایا کہ والدین اپنے لڑکوں اور لڑکیوں کی شادیوں کو سادگی سے انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام جس کے ماننے والے ہیں وہ فضول خرچی سے اجتناب کرنے پر زور دیتا ہے۔ ضرورت اس بات کی ہیکہ مسلمان مغربی تہذیب، افکار سے اپنے آپ کو دور رکھیں اور دینداری و تقویٰ کی زندگی بسر کریں تو رب ان کیلئے دروازے کھولتے ہوئے نظر آئے گا۔ ڈاکٹر ناظم علی نے کہا کہ حضواکرمؐ نے ارشاد فرمایا کہ ’’نکاح میری سنت ہے‘‘ اس کا مطلب ہیکہ میں جس طرح سے اس عمل کو کر دکھایا ہے اسی طرح مسلمان اور قیامت تک انجام دیں۔ قرآنی و اسلامی تعلیمات میں کبھی شادی بیاہ میں جہیز و لین دین کا کوئی تصور موجود نہیں ہے۔اس کے علاوہ اس اہم فریضہ میں اخراجات کم کریں۔ مالی بوجھ لڑکی والوں پر نہ ڈالیں۔ آج کے اس پروگرام میں شہ نشین پر ڈاکٹر ناظم علی، جناب الیاس باشاہ، محمد احمد اور صالح بن عبداللہ باحازق موجود تھے۔ جناب صالح بن عبداللہ باحازق کارروائی چلائی اور کہا کہ پروگرام میں تعلیمی قابلیت کے لحاظ سے کاؤنٹرس ترتیب دیئے جاتے ہیں۔مختلف کاؤنٹرس ترتیب د یئے گئے جہاں والدین پہنچ کر مشاورت کرتے ہوئے دیکھے گئے۔ انہوں نے کہا کہ شادی کو سادگی سے کریں جہیز و لین دین کے حصول کا ذہن و زبان پر لفظ نہ رکھیں۔ آج کے دو بہ دو پروگرام میں گریجویٹ، پوسٹ گریجویٹ یعنی بی کام، بی اے، بی ایس سی، ایم اے، ایم کام، ایم ایس سی کے علاوہ ایم بی بی ایس، ایم ڈی، بی فارمیسی، ٹیکنیشن، میڈیکل ڈپلومہ ہولڈرس، لیاب اسٹنس کے ساتھ ایس ایس سی، انٹرمیڈیٹ اور دوسرے تعلیم لڑکوں اور لڑکیوں کیلئے ان کاؤنٹرس پر بائیوڈاٹاس کے ساتھ والدین موجود تھے جو ایک دوسرے سے مشاورت کرتے ہوئے دیکھے گئے۔ ان کاؤنٹرس کو تعلیمی قابلیت کے لحاظ سے ترتیب دیا گیا تھا جن پر والینٹرس متعین کیا گیا جو والدین و سرپرستوں کی رہبری و رہنمائی کرتے ہوئے دیکھے گئے۔ عقدثانی، معذورین اور تاخیر سے شادی کیلئے علحدہ علحدہ کاؤنٹرس کے ساتھ والدین کو اپنے لڑکوں اور لڑکیوں کے رشتوں کیلئے آن لائن رجسٹریشن کی بھی سہولت مہیا کی گئی۔ ملاقات پروگرام کو اندرون ریاست، ملک کی ریاستوں، بیرونی ممالک میں یوٹیوب، فیس بک، سیاست ٹی وی اور دوسرے ذریعہ سے نشر کیا گیا جس میں ریاست ہی نہیں اندرون ملک اور بیرون ممالک کئی ہزار ناظرین نے دیکھ کر خوشنودی کا اظہار کیا اور کہا کہ اس طرح کے پروگرام ملک بھر میں ہوں جس کی ذمہ داری سیاست قبول کرے۔ آج کے اس پروگرام میں والدین اور دوسروں نے جناب اصغر علی خان کو دو بہ دو پروگرام کی کامیابی پر مبارکباد دی۔ والدین اپنے رجسٹریشن کاؤنٹر کے ذریعہ شہر کے دوسرے مقامات پر ہونے والے دو بہ دو پروگرام میں شریک ہوسکتے ہیں جس کی مدت ایک سال ہے۔ اس کے علاوہ اندرون دفتر روزنامہ سیاست روبرو رام کرشنا تھیٹر پر بھی 11 بجے دن تا 4 بجے شام ربط کیا جاسکتا ہے۔