بنگلورو: سات جنم تک ایک دوسرے کا ساتھ نبھانے کے وعدے کرتے ہوئے پھیرے لینے والے دولہا دلہن کی شادی کے کچھ گھنٹوں بعد ہی موت ہو گئی۔وہ ایک دوسرے سے جھگڑ پڑے اور یہ واردات پیش آئی۔ تفصیلات کے مطابق ریاست کرناٹک کولار گولڈ فیلڈ سٹی میں واقع چمبرآسناہلی سے تعلق رکھنے والے 26 سالہ نوین اور لکھیتاایک دوسرے سے محبت کرتے تھے اور گھر والوں کی رضامندی سے انہوں نے 7 اگست کو مقامی کلیان منڈپ میں شادی کر لی۔ شادی کے بعد وہ خوش تھے لیکن اچانک کیا ہوا پتہ نہیں شادی کے رات نوین اور اس کی بیوی کے درمیان کسی بات پر جھگڑا ہوا۔ نوین نے لکھیتا پر خنجر سے حملہ کر دیا اس کی چیخ و پکار سن کر جب اس کے رشتہ دار کمرے میں داخل ہوئے تو انہوں نے دیکھا کہ دلہن کی نعش خون میں لت پت پڑی ہوئی ہے اور نوین بھی زخمی ہے۔ اسے علاج کیلئے ہاسپٹل میں شریک کیا گیا جہاں جمعرات کی شام اس کی موت ہو گئی۔ فوری یہ پتہ نہیں چل سکا کہ دلہن کے قتل کے بعد دولہا نے اسی خنجر سے خود کو زخمی کرکے خودکشی کرلی یا پھر ان دونوں نے ایک دوسرے پر قاتلانہ حملہ کیا جس کے نتیجہ میں ان کی موت ہوگئی۔