شاد نگر : بی آر ایس ٹکٹ کیلئے سابق و موجودہ رکن اسمبلی میں رسہ کشی

   

افواہوں کا بازار گرم، پارٹی کارکنوں اور عوام کی تائید و حمایت مجھے حاصل، سی پرتاب ریڈی کا دعویٰ
شاد نگر۔/19 اگسٹ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شاد نگر اسمبلی حلقہ سے بی آر ایس ٹکٹ کے لئے موجودہ اور سابقہ رکن اسمبلی میں زبردست رسہ کشی جاری ہے، ٹکٹ کے دونوں دعویداروں کی وجہ سے افواہوں کا بازار عروج پر ہے۔ جس کی وجہ پارٹی کارکنوں اور عوام میں تجسس پایا جارہا ہے۔ شادنگر اسمبلی حلقہ سے بی آر ایس پارٹی ٹکٹ کے دعویدارسابق رکن اسمبلی چولا پلی پرتاب ریڈی نے میڈیا کے نمائندوں سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شاد نگر اسمبلی حلقہ سے ٹکٹ کے حصول کے لیے میری جدوجہد جاری ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر اور کارگزار صدر کے ٹی آر شادنگر اسمبلی حلقہ سے مجھے ٹکٹ فراہم کرتے ہیں تو پارٹی کارکنان اور عوام کی تائید سے شاد نگر حلقہ سے بی آر ایس پارٹی کی کامیابی کو یقینی بنانے کا تیقن دیا۔ انہوں نے پارٹی کارکنان پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ بی ار ایس پارٹی کی اعلی قیادت جس کسی کو بھی موقع فراہم کرتی ہے اس کو ضرور بہ ضرور کامیاب بنانے کی ہر ممکنہ کوشش کی جائے گی۔ اگر بی ار ایس پارٹی موجودہ ایم ایل اے کو ٹکٹ فراہم کرتی ہے تو میں اور میرے حامی کارکنان پارٹی کے فیصلے کو مانتے ہوئے پارٹی کے لیے ضرور کام کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹکٹ کو لے کر پارٹی کارکنان اور عوام میں جو تجسس پایا جا رہا ہے وہ بہت جلد ختم ہو جائے گا۔ انہوں نے پارٹی کارکنان پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا کے پلیٹ فارم کے ذریعہ ایک دوسرے پر غلط بیان بازی نہ کریں۔ وزیراعلی کے سی آر کی جانب سے ٹکٹ کے اعلان کا انتظار کریں۔ غیر ضروری افواہوں اور دعوی پر توجہ نہ دیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ مجھ کو پارٹی کارکنان اور حامیوں کی تائید و حمایت حاصل ہے۔ بی آر ایس پارٹی کی اعلی قیادت اگر مجھے موقع فراہم کرتی ہے تو سو فیصد طور پر پوری کوشش اور جدوجہد کے ساتھ شادنگر اسمبلی حلقہ سے کامیابی حاصل کر کے دکھائیں گے۔ انہوں نے اس بات کا بھی تیقن دیا ہے کہ پارٹی اعلی قیادت میرے حق میں مزید فیصلہ کریں گی۔ انہوں نے پرزور الفاظ میں کہا ہے کہ تلنگانہ ریاست میں کے سی آر کی قیادت میں تیسری مرتبہ اقتدار میں آنا یقینی قرار دیا۔ چولا پلی پرتاب ریڈی کو یقینی طور پر ٹکٹ حاصل ہونے کی امید سے بی آر ایس پارٹی کارکنان پارٹی پرچم تھامے ہوئے زبردست نعرے بازی کرتے ہوئے آتش بازی کی۔ سینکڑوں پارٹی کارکنان و حامیوں میں زبردست جوش و خروش دیکھا گیا۔ واضح رہے کہ شاد نگر اسمبلی حلقہ سے بی آر ایس پارٹی سے دو امیدوار ٹکٹ کے لیے زبردست جدوجہد کر رہے ہیں۔ جس میں ایک موجودہ ایم ایل اے وائی انجیا یادو جو کہ دو مرتبہ کامیابی حاصل کرکے شادنگر حلقہ سے نمائندگی کر رہے ہیں۔ سابق ایم ایل اے چولہ پلی پرتاب ریڈی 2009 تا 2014 کانگریس پارٹی کے ایم ایل اے رہ چکے ہیں۔ بعد ازاں چولہ پلی پرتاب ریڈی نے بی آر ایس پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ اس کے بعد سے بی آر ایس کے ساتھ ہی جوڑے ہوئے ہیں۔ عنقریب منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات میں بی آر ایس پارٹی ٹکٹ کو لے کر پارٹی کارکنان میں تشویش کی لہر چل رہی ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ بی ار ایس پارٹی کے اعلی قیادت کس کو شادنگر اسمبلی حلقہ سے اپنا امیدوار بناتی ہے۔