شام سے امریکی فوجیوں کی واپسی وقت طلب: ٹرمپ

   

واشنگٹن، 3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ شام میں تعینات امریکی فوجیوں کی واپسی میں ابھی وقت لگے گا۔ پہلے بتایا جا رہا تھا کہ وہاں سے آئندہ چار ماہ میں امریکی فوجیوں کی واپسی ہو جائے گی۔ مسٹر ٹرمپ نے کل وائٹ ہاؤس میں کابینہ کی میٹنگ کے بعد صحافیوں سے کہا‘‘فوجیوں کی واپسی میں ابھی وقت لگے گا اور میں یہ نہیں کہہ سکتا ہوں کہ فوجی وہاں سے کل ہی واپس آ جائیں گے ’’۔ انہوں نے ‘نیویارک ٹائمز ’کی اس رپورٹ کو مسترد کر دیا جس میں کہا گیا تھا کہ شام میں تعینات دو ہزار امریکی فوجیوں کو آیندہ چار ماہ میں واپس بلا لیا جائے گا۔ امریکی میڈیا نے غیر مصدقہ ذرائع کے حوالے سے کہا تھا کہ امریکہ شام میں تعینات اپنے فوجیوں کو جلد ہی واپس بلا رہا ہے ۔قابل غور ہے کہ 19 دسمبر کو ٹرمپ انتظامیہ نے اعلان کیا تھا کہ شام میں تعینات امریکی فوجیوں کو بلانے کی کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور وہاں آئی ایس پر کامیابی حاصل کر لی گئی ہے ۔ اس سے پہلے ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے ایک ٹویٹ کر کہا تھا کہ شام سے امریکی فوجیوں کی واپسی میں ابھی وقت لگے گا۔