شان اقدسؐ میں گستاخی کے خلاف زبردست احتجاج

   

نظام آباد میں جمعیت العلماء کی جانب سے فرانسیسی صدر کا علامتی پتلہ نذر آتش

نظام آباد :فرانس حکومت کی جانب سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کیخلاف آج جمعیت العلماء کی جانب سے بڑے پیمان پر احتجاج کرتے ہوئے فرانسیسی صدر کے علامتی پتلہ کو نذرآتش کیا ۔ صدر جمعیت العلماء ( ارشد مدنی گروپ ) حافظ محمد لئیق خان کی جانب سے فرانس حکومت کے گستاخانہ رسول کے خلاف نہروپارک پر دھرنا منظم کیا جس میں سیاسی ، سماجی قائدین کے علاوہ حافظ محمد عبدالحلیم ، مولانا ہاشم بیگ، مولانا مختار فہد خطیب و امام مدینہ مسجد پھولانگ ، مولانا عظمت ، مولانا مفتی احسان قاسمی ، محمد ابراہیم خان ، مفتی محمود ، حافظ اصغر علی ، حافظ اکبر ، حافظ فیاض کے علاوہ مسعود احمد اعجاز قائدین کانگریس ، محمد عبدالباری قائد ٹی آرایس ، ثناء اللہ قائد ٹی آرایس ، رفیق قریشی قائد ٹی آرایس ، جمیل احمد این آر آئی کے علاوہ محسن جوبلی ، سرفراز خان ، رحیم شاکر کے علاوہ کئی نوجوانوں نے اپنے جذبات کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرانس کی حکومت کے خلاف شدید ناراضگی ظاہر کی ۔ علماء ، حفاظ نے اپنی تقریر میں کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سارے عالم کیلئے امن کا پیغام لیکر آئے ہیں اور سارے عالم کیلئے رحمت العالمین ہیں لیکن فرانس کی حکومت منصوبہ بند طریقہ سے گستاخ رسول حرکت کی ہے اس کو مسلمان کبھی برداشت نہیں کریں گے، نہ صرف ہندوستان بلکہ سارے عالمی مسلمان اس کیخلاف ہے اور اپنی جان دے سکتے ہیں لیکن نبی ؐ کی گستاخی میں کسی بھی چیز کو برداشت نہیں کرسکتے ۔ صدر جمعیت العلماء حافظ لئیق خان نے اپنی تقریر میں کہا کہ نبی کریم ؐ کی شان میں فرانس کی حرکت کو عرب کے علاوہ یوروپ ممالک میں بھی سختی کے ساتھ مخالفت کی جارہی ہے انہوں نے ہندوستان کی حکومت سے فوری تعلقات منقطع کرلینے کی اور سفارتی تعلقات کو ختم کرلینے کا مطالبہ کیا ۔ حافظ لئیق خان نے نہ صرف ہندوستان بلکہ عالمی سطح پر تمام ممالک بالخصوص عرب ممالک کو فوری تعلقات ختم کرلینے کا مطالبہ کرتے ہوئے مودی حکومت سے بھی مطالبہ کیا کہ فوری سفارتی خانہ کو بند کردیا جائے ورنہ محبان رسول سفارتی خانوں کو آگ لگا دیں گے ۔ عاشق رسول اپنی جان دے سکتے ہیں لیکن نبی ؐ کی شان میں گستاخی کو کبھی بھی برداشت نہیں کیا جائیگا ۔