شان رسالتؐ میں گستاخی کیخلاف کارروائی کا مطالبہ

   

شادنگر فرخ نگر میں اے سی پی کوشلکر کو تحریری یادداشت پیش

شاد نگر ۔ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان رسالت میں گستاخی کرنے والے نوپوشرما ،نوین جندال کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا شاد نگر و فرخنگر کے مسلمانوں کے ایک وفد نے شاد نگر اے سی پی کو شلکر کو ایک تحریری یادداشت حوالے کرتے ہوئے سخت کاروائی کا مطالبہ کیا۔ مولانا حافظ سید منور علی تنظیم اہل سنت والجماعت شادنگر و فرخ نگر کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے جلوس اور ریلی پر پابندی کی بنا پر مقامی مسلمانوں کے ایک وفد نے قاضی سید مقتدر علی صدر قاضی شادنگر کی صدارت میں قبل از جمعہ شاد نگر اے سی پی کوشلکر سے ملاقات کرتے ہوئے تحریری یادداشت پیش کی ۔ مولانا حافظ سید منور علی نے کہا کہ مسلمان ہر چیز برداشت کر سکتا ہے لیکن وہ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کوئی بھی حالت میں برداشت نہیں کرسکتا۔ شرما اور نوین جندال کے نازیبا الفاظ کو مسلمان ہی نہیں بلکہ غیر مسلمان بھی برداشت نہیں کر رہے ہیں۔ ہندوستان ایک جمہوری ملک ہے۔ اس ملک میں ہر ایک کو اپنے مذہب کے مطابق چلنے کا پورا حق ہے۔ باوجود اس کے ملک کی پرامن فضا کو مکدر کرنے کے لئے بعض شر پسند عناصر ملک کی پرامن فضا کو خراب کرنے کے لئے مختلف طریقہ استعمال کر رہے ہیں۔ ریاستی اور مرکزی حکومتیں اس طرح کے شر پھیلانے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرے۔ اور مسلمان اس طرح کی شان میں گستاخی کرنے والوں کو کبھی معاف نہیں کریں گے۔انہوں نے مرکزی و ریاستی حکومت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ حضور ؐ کی شان میں گستاخی کرنے والوں کو سخت سے سخت سزا دلوائیں۔ تاکہ آئندہ کوئی اور مذہب پر اس طرح کی نازیبا الفاظ کا استعمال کرنے کی جرأت نہ کر سکے ۔ حکومت اشتعال انگیز بیانات دینے والوں پر فوری مقدمہ درج کرتے ہوئے گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ۔ اس موقع پر حافظ سید منور علی صدر تنظیم آئمہ اہل سنت والجماعت شاد نگر، رکن بلدیہ شادنگر محمد سرور پاشاہ، نمائندہ رکن بلدیہ شادنگر محمد اعجاز احمد عرف اڈو ، محمد غوث رکن بلدیہ شادنگر، سید مصلح الدین صدر مدینہ مسجد ار ٹی سی کالونی شادنگر، محمد عزیز ، محمد یوسف الدین ، محمد حفیظ احمد خان، محمد فیروز، محمد خالد خان، محمد علیم ثاقب محمد سلیم کے علاوہ دیگر مقامی مسلمانوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔