شاہین باغ معاملہ: سپریم کورٹ نے سماعت 23 مارچ تک ملتوی کردی

,

   

نئی دہلی:  سپریم کورٹ نے دہلی کے شاہین باغ علاقے سے مظاہرین کو ہٹائے جانے سے متعلق عرضیوں کی سماعت 23 مارچ تک ملتوی کر دی اور فی الحال کوئی ہدایت جاری سے بدھ کے روز انکار کر دیا ۔ کورٹ نے ساتھ ہی دہلی تشدد معاملے کی خصوصی تفتیشی ٹیم (ایس آئی ٹی) سے جانچ کرانے سے متعلق بھیم آرمی سربراہ چندر شیکھر کی عرضی مسترد کر دی۔جسٹس سنجے کشن کول اور جسٹس کے ایم جوزف کی بینچ نے کہا کہ اس معاملہ پر دہلی ہائی کورٹ سماعت کررہا ہے ، اس لئے وہ اس معاملے میں مداخلت نہیں کرے گی ۔

دریں اثنا عدالت عظمیٰ نے اشتعال انگیز تقریر کرنے والوں کے خلاف کارروائی نہ کرنے کے تعلق سے دہلی پولیس کو کٹہرے میں کھڑا کیا ۔ جسٹس جوزف نے کہا کہ دہلی پولیس ایسے لوگوں کے خلاف قانون کے دائرے میں کارروائی کیوں نہیں کرتی ۔ عدالت نے کہا کہ پولیس کو پرکاش سنگھ معاملے میں جاری کئے گئے رہنما اصولوں کے مطابق کارروائی کرنے سے کس نے روکا ہے ۔