شاہی محفل کے ساتھ خواجہ اجمیریؒ کا 807 ویں عرس کا آغاز

   

اجمیر۔9مارچ(سیاست ڈاٹ کام) اجمیر میں سلسلۂ چشت کے بانی صوفی حضرت خواجہ معین الدین حسن چشتی کا807واں سالانہ عرس جمعہ کی دیر رات شاہی محفل کے ساتھ شروع ہو گیا۔ اس موقع پر خواجہ اجمیری کے مزار کو غسل دیاگیا اور عقیدت مندوں نے خواجہ صاحب کی شان میں سلام پیش کرکے رب تعالیٰ سے دعا ئیں کیں ۔ محفل کی صدارت دیوان زین العابدین نے کی۔ قوالوں نے خواجہ کی شان میں صوفیانہ کلام پیش کیا۔ چھ دنوں کے لیے جنتی دروازہ بھی کھول دیا گیا۔ عرس میں کثیر تعداد میں ملک بھر کے زائرین کی شرکت کیلئے وسیع انتظامات کئے گئے ہیں۔پینے کے پانی اور کم قیمت پر کھانے کے پیکٹ و دیگر انتظامات کیے گئے ہیں۔ درگاہ شریف جانے خصوصی بسیں چلائی جا رہی ہیں۔ پولیس افسر کنور راشٹردیپ سنگھ نے بتایا کہ عرس کے دوران چھ ہزار سے زیادہ پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے ۔ درگاہ شریف پر نگاہ رکھنے سی سی کیمروں کا استعمال کیا گیا ہے ۔ ریل انتظامیہ بھی عرس کے لیے ‘عرس اسپیشل ٹرین چلا رہا ہے ۔ ساتھ ہی درگاہ شریف میں ٹکٹ کے لیے ایک خصوصی ریزرویشن کاؤنٹر کھولا گیا ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ عرس کے موقع پر حضرت خواجہ اجمیری کی مزار پر وزیرا عظم نریندر مودی، مرکزی وزیر راجناتھ سنگھ، راجستھان گورنر کلیان سنگھ کی جانب سے چادریں پیش کی جاچکی ہیں اور دیگر رہنماؤں اور عقیدت مندوں کی حاضری کا سلسلہ چل رہا ہے ۔