شاہ رخ خان اور سیف علی خان 20 سال بعد ایک ساتھ

   

ممبئی ۔4 سال بعد جب لوگوں نے شاہ رخ کو بڑے پردے پر دیکھا تو باکس آفس پر خوب بارش ہوئی۔ فلم پٹھان اور جوان نے 1000 کروڑ روپے کما کرکنگ خان کے کریئر کو ایک نئی جان دی ۔ اب شائقین ان کی اگلی فلم کے لئے بہت پرجوش ہیں۔ دریں اثنا شاہ رخ کے نئے پروجیکٹ کے حوالے سے ایک بڑی اپ ڈیٹ سامنے آئی ہے۔ شاہ رخ خان کو 1000 کروڑ روپے کی فلم دینے والے ہدایت کار سدھارتھ آنند ایک اور بڑی فلم پرکام کر رہے ہیں۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ ڈائریکٹر ایک بڑے بجٹ کی ایکشن تھرلر فلم پر کام کررہے ہیں۔ سدھارتھ کی فلم میں شاہ رخ خان کی موجودگی کی خبریں سامنے آرہی ہیں۔ یہی نہیں اطلاعات یہ بھی ہیں کہ فلم میں ایک نہیں دو اسٹارزکو کاسٹ کیا جائے گا۔ اس ایکشن تھرلر میں شاہ رخ خان کے ساتھ سیف علی خان بھی نظرآسکتے ہیں۔ دراصل سوشل میڈیا پرکچھ ویڈیوزکافی وائرل ہو رہی ہیں۔ ان ویڈیوز میں شاہ رخ خان ڈائریکٹر سدھارتھ آنند کے دفترکے باہر نظرآ رہے ہیں۔ سدھارتھ کے دفتر کے باہر سیف علی خان کو بھی دکھاگیا۔ دونوں اداکاروں کو ڈائریکٹر کے دفتر کے باہر دیکھنے کے بعد اب ہر کوئی اندازہ لگا رہا ہے کہ یہ دونوں ایک ساتھ کام کرنے والے ہیں۔ شاہ رخ اور سیف سدھارتھ آنند کی اگلی ایکشن فلم میں ایک ساتھ نظر آ سکتے ہیں۔ تاہم ان تمام خبروں پر فلم بنانے والوں اور اسٹارزکی جانب سے کسی قسم کی کوئی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ شاہ رخ خان اور سیف علی خان کے ساتھ مشہور پنجابی اداکارہ سونم باجوہ بھی ڈائریکٹرکے دفتر کے باہر نظر آئیں۔ اسے دیکھ کر یہ بھی خیال کیا جا رہا ہے کہ ان دونوں سوپر اسٹارز کے ساتھ سونم باجوہ بھی اس فلم کا حصہ بن سکتی ہیں۔ تاہم اگر یہ خبریں سچ ثابت ہوئیں تو20 سال بعد شاہ رخ اور سیف دوبارہ کسی بھی فلم میں ایک ساتھ کام کریں گے۔ یہ دونوں اداکار2004 میں کل ہو نا ہو میں ایک ساتھ نظر آئے تھے۔ ان کے ساتھ پریتی زنٹا بھی مرکزی کردار میں تھیں۔ اس فلم کو شائقین نے بے حد پسندکیا تھا۔