ممبئی ۔ شاہ رخ خان کی کامیاب ترین فلمو اور ٹرین کا ایک خاص رشتہ رہا ہے، ان سب کے درمیان کوئی نہ کوئی تعلق ہے۔ شاہ رخ خان کی فلم ڈی ڈی ایل جے (دل والے دلہنیا لے جائیں گے ) سے لے کر جوان تک کی ان فلموں میں ٹرین کو دیکھا گیا ہے۔ ان میں سے زیادہ تر فلمیں بلاک بسٹر ہٹ ثابت ہوئی ہیں۔ شاہ رخ خان کا ٹرین کنکشن دل والے دلہنیا لے جائیں گے،کچھ کچھ ہوتا ہے، چنائی ایکسپریس، پٹھان اور اب جوان میں نظر آیا۔ ان فلموں میں ٹرین میں کوئی نہ کوئی منظر ضرور شوٹ کیا گیا ہے۔ کنگ خان کا یہ لکی کنکشن اب سوشل میڈیا پر نیا موضوع بنا ہوا ہے ۔اس وقت شاہ رخ خان کی فلم جوان باکس آفس کے تمام ریکارڈ توڑنے میں ایسے مصروف ہے جیسے کوئی تیز رفتار بے قابو ریل جو اپنے راستہ میں آنے والی تمام چیزوں کے تہس نہس کرتی ہے ۔ ایکشن تھرلر فلم جوان میں جہاں شاہ رخ خان کا مکمل طور پر بدلا ہوا انداز مداحوں کے دلوں پر راج کر رہا ہے وہیں فلم میں ان کا لکی ٹرین کنکشن بھی بدل گیا ہے۔ جوان میں شاہ رخ نے ٹرین میں نہیں بلکہ میٹرو ٹرین میں سین شوٹ کیے ہیں۔ فلم کے ابتدائی مناظر میں جوان پونے کی میٹرو میں نظر آئے گا۔ جوان کی کہانی میٹرو ٹرین سے ہی بنتی ہے۔ رواں سال اس سے قبل کنگ خان کا ٹرین کنکشن ان کی زبردست ہٹ فلم پٹھان میں بھی دیکھا گیا ہے۔ شاہ رخ خان نے پٹھان میں چلتی ٹرین میں اپنے ایکشن اور اسٹنٹ سے اسکرین کو آگ لگا دی۔ مداحوں کو فلم کا ایک شاندار سین ہمیشہ یاد رہے گا جب پٹھان خطرے میں ہوتا ہے اور ٹائیگر اسے بچانے آتا ہے۔ بالی ووڈ کے دو سوپر اسٹار شاہ رخ اور سلمان نے پٹھان میں ٹرین میں زبردست ایکشن سین کیے ہیں۔اس کے علاوہ ڈی ڈی ایل جے میں شاہ رخ اور کاجول کا ٹرین کا منظر ایک یادگار منظر ہے ۔