ممبئی : بالی ووڈ کے کنگ خان کی آخری فلم ڈنکی تھی۔ اس سے پہلے وہ جوان اور پٹھان میں نظر آئے تھے۔ شاہ رخ نے ثابت کردیا کہ وہ کل بھی بالی ووڈ کے بادشاہ تھے اور آج بھی ہیں۔ اب شائقین شاہ رخ کو دوبارہ بڑے پردے پر دیکھنا چاہتے ہیں۔ اس دوران شاہ رخ کی کچھ تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔ ان تصاویر میں شاہ رخ مشہور ہدایت کار شوجیت سرکار کے ساتھ نظر آرہے ہیں، اس لیے قیاس کیا جا رہا ہے کہ شاید شاہ رخ شوجیت کی اگلی فلم میں ہوں گے۔ سوشل میڈیا پرکچھ تصاویر وائرل ہو رہی ہیں جن میں شاہ رخ خان کو شوجیت سرکار کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔ کہیں لکھا گیا کہ وہ نئی فلم کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں تو کہیں ایسی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا گیا لیکن اب شوجیت سرکار نے خود اس بارے میں بات کی ہے۔ شاہ رخ اور شوجیت نے حال ہی میں ایک اشتہارکی شوٹنگ کی ہے۔ شاہ رخ اشتہارکی شوٹنگ کے لیے آئے تھے۔ شوجیت نے بالی ووڈ ہنگامہ کو بتایا کہ شاہ رخ کے ساتھ کام کرنا ہمیشہ سے یادگار تجربہ رہا ہے۔ ہم نے لطف اٹھایا، وہ بہت فٹ لگ رہا تھا۔ وہ آٹھ گھنٹے تک سیٹ سے باہر نہیں نکلا۔ ہم نے ایک ساتھ پوری شوٹنگ مکمل کی۔ میں نے ان سے کہا کہ مجھے کولکتہ میں ان کی کافی ٹیبل بک ریلیزکرنے کا موقع ملا ہے۔ یہ سن کر وہ بہت خوش ہوئے اور ہم نے بھی اس پر بات کی۔ یہ ایک اشتہارکی شوٹنگ تھی۔ مڈ ڈے کی ایک رپورٹ کے مطابق شاہ رخ کو ممبئی کے محبوب اسٹوڈیوکے باہر دیکھا گیا۔ پہلے یہ قیاس کیا جا رہا تھا کہ شاہ رخ شوجیت کی اگلی فلم میں نظر آنے والے ہیں اور وہ لک ٹسٹ کے لیے اسٹوڈیو جا رہے ہیں لیکن مڈ ڈے کی رپورٹ کے مطابق شاہ رخ ایک بسکٹ کے اشتہار کی شوٹنگ کررہے تھے۔ اس کی ہدایت شوجیت سرکار نے کی ہے۔ شاہ رخ ان تصویروں میں تہبند پہنے نظر آرہے ہیں اور ان کے پیچھے باورچی خانہ بھی نظرآرہا ہے۔ اس اشتہار کو شوجیت سرکار ڈائریکٹ کر رہے ہیں۔اس کے علاوہ شاہ رخ خان ایک اور اشتہار میں بھی نظر آچکے ہیں جبکہ مداحوں کو انکی اگلی فلم کا انتظار ہے ۔