اجمیر : شاہ رخ خان کو صرف بالی ووڈکا بادشاہ ہی نہیں کہا جاتا بلکہ ان کے ساتھ ایسی کئی کہانیاں وابستہ ہیں، جو انہیں اس لقب کے لیے بہترین بناتی ہیں۔ شاہ رخ اپنی شاندار اداکاری کے لیے جانے جاتے ہیں لیکن مداحوں کے ساتھ ان کا برتاؤ انہیں دوسرے ستاروں سے بالکل مختلف بنا دیتا ہے۔ حال ہی میں یوسف ابراہیم نے اس بارے میں بات کی ہے، یوسف ایک سیلیبریٹی سیکیورٹی کنسلٹنٹ ہیں، انہوں نے عالیہ بھٹ، ورون دھون جیسے ستاروں کے ساتھ کام کیا ہے۔ یوسف نے ایک حالیہ انٹرویو میں شاہ رخ خان کے بارے میں بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ وہ شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کوکبھی نہیں بھول سکتے۔ ایک واقعہ کو یادکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئی پی ایل کے دوران شاہ رخ نے اجمیر شریف درگاہ جانے کی خواہش ظاہرکی تھی۔ جس کے ساتھ ہی سب وہاں پہنچ گئے۔ یوسف نے کہا کہ جس دن ہم وہاں پہنچے وہ جمعہ تھا اور ہمارا فیصلہ بالکل غلط تھا کیونکہ عام دنوں کی نسبت جمعہ کے دن زیادہ ہجوم ہوتا ہے۔ یوسف نے سدھارتھ کنن کے ساتھ بات چیت میں بتایا کہ ہم 12.30 کے قریب درگاہ پہنچے، جو نمازکا وقت ہے۔ عام دنوں میں وہاں صرف 10-15 ہزار لوگ ہوتے ہیں اور جمعہ کے دن زیادہ ہجوم ہوتا ہے۔ سیلیبریٹی سیکیورٹی کنسلٹنٹ نے بتایا کہ شاہ رخ خان کے وہاں جانے کی خبر آس پاس کے لوگوں میں بہت تیزی سے پھیل گئی جس کے بعد لوگ وہاں جمع ہونا شروع ہوگئے۔ اس نے بتایا کہ وہاں اتنے لوگ تھے کہ انہوں نے ہمیں دھکا دے کر درگاہ تک پہنچایا اور پھر دھکا دے کرگاڑی میں بٹھا دیا۔ انہوں نے شاہ رخ خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کا اتنا ہجوم جمع ہوگیا تھا کہ پولیس کو وہاں آنا پڑا لیکن اس سب کے باوجود اداکار پورا وقت پرسکون رہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ بہت مختلف تجربہ تھا، پولیس کو لوگوں پر لاٹھی چارج کرنا پڑا۔ اپنے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شاہ رخ خان انکے والدین سے بھی ملے ہیں۔