اسلام آباد : اسلام آباد میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کے موقع پر پاکستانی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود کے ساتھ ملاقات ہوئی۔اتوار کو اس ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات، افغانستان سمیت خطے کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پاکستان کے دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ’ہم سعودی عرب کے ساتھ دوطرفہ اقتصادی اور معاشی تعلقات کو بڑھانے اور انہیں سیاسی تعلقات سے ہم آہنگ بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔‘وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مشکل وقت میں پاکستان کی مدد پر سعودی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، مارچ 2022 میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 48ویں اجلاس کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔