بہادر پورہ فلائی اوور پر موٹر سیکل ڈیوائیڈر سے ٹکراگئی، خوفناک حادثہ
حیدرآباد۔ 28 ۔ جنوری (سیاست نیوز) حیدرآباد میں شب معراج کے موقع پر انتہائی دلخراش حادثہ پیش آیا۔ حال ہی میں افتتاح کئے گئے زو پارک سے آرام گھر فلائی اوور پر شب معراج کی رات انتہائی خوفناک سڑک حادثہ میں تین مسلم لڑکے جاں بحق ہوگئے۔ کم عمر لڑکوں کی شناخت 16 سالہ سید عمران ولد سید رحیم ساکن تالاب کٹہ ، 15 سالہ سید شاہ محمد قادری ولد سید شاہ محی الدین قادری ساکن فتح دروازہ اور 14 سالہ محمد احمد ولد محمد الیاس ساکن مصری گنج کے طور پر کی گئی۔ کل رات شب معراج کے موقع پر اس دلخراج حادثہ کی اطلاع ملتے ہی عوام میں بے چینی پیدا ہوگئی اور افراد خاندان پر سکتہ طاری ہوگیا۔عطا پور پولیس نے موقع پر پہنچ کر ضابطہ کی کارروائی انجام دی اور نعشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے عثمانیہ ہاسپٹل منتقل کردیا۔تینوں لڑکے آپس میں دوست تھے اور اکثر ایک ساتھ وقت گزارتے تھے۔ کل رات بھی تینوں نے عبادتوں کے بعد مسجد سے نکل کرمنموہن سنگھ فلائی اوور کا رخ کیا جہاں حادثہ کا شکار ہوگئے۔سڑک حادثہ کی وجہ تیزرفتاری تھی۔ تینوں کم عمر لڑکے آرام گھر فلائی اوور پر رات دیر گئے تیز رفتاری سے بائیک چلارہے تھے کہ گاڑی ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی۔ حادثہ کے بعد دو لڑکوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ ایک نے ہاسپٹل میں دوران علاج دم توڑ دیا۔پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے اور واقعہ کی تحقیقات کی جارہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق جاں بحق تینوں لڑکے نابالغ تھے۔واضح رہے کہ جاگنے کی راتوں میں کچھ منچلے نوجوان سڑکوں اور بریجس پر تیز رفتاری سے گاڑی چلاتے ہیں اور کرتب بازی کرتے ہیں۔ والدین کو چاہئے کہ وہ اپنے بچوں پر نظر رکھیں اور انہیں اس طرح کی حرکتوں سے روکے تاکہ کسی ناگہانی حادثہ کا شکار ہونے سے روکا جاسکے۔شب معراج کے موقع پر والدین تو عبادتوں میں مشغول رہتے ہیں لیکن بچوں پر ان کی نظر نہیں ہوتی جس کی وجہ سے ایسے حادثات پیش آتے ہیں۔ع