رانچی: آنے والے تہواروں کے پیش نظر جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے ریاستی پولیس کو ہر قیمت پر بہتر امن و امان برقرار رکھنے کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے ۔چہارشنبہ کو سورین نے جھارکھنڈ سکریٹریٹ میں آنے والے تہواروں کے پیش نظر ریاست میں امن و امان برقرار رکھنے کا اعلیٰ سطح پرجائزہ لیا اور سینئر پولیس افسران کو ضروری ہدایات دیں۔ انہوں نے پولس افسران کو ہدایت دی کہ وہ ہولی، سرہول، عید، رام نوامی وغیرہ جیسے تہواروں کے پیش نظر ریاست میں ہر قیمت پر بہتر امن و قانون کی برقراری کو یقینی بنائیں۔ تہواروں کو جرائم سے پاک ماحول میں باہمی محبت اور ہم آہنگی کے ساتھ منایا جانا چاہیے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پولیس کو پوری چوکسی کے ساتھ الرٹ موڈ پر رہنا چاہیے تاکہ ریاست کے کسی بھی علاقے میں کوئی معمولی ناخوشگوار واقعہ، فرقہ وارانہ کشیدگی یا کسی قسم کا تنازعہ رونما نہ ہو۔ ان علاقوں میں جہاں فرقہ وارانہ کشیدگی یا جھگڑے کا امکان ہو وہاں خصوصی چوکسی برتی جائے ۔ سورین نے پولس افسران کو ہدایت دی کہ وہ شناخت شدہ حساس علاقوں میں امن کمیٹی کے ساتھ باقاعدگی سے میٹنگ کریں اور تال میل قائم کریں۔ پرہجوم مقامات اور مذہبی مقامات پر پولیس فورس تعینات کریں اور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھتے ہوئے سخت کارروائی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے تہواروں کے دوران سوشل میڈیا پر کڑی نگرانی رکھنے کی بھی ہدایت کی۔ افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کو یقینی بنایا جائے ۔میٹنگ کے دوران انوراگ گپتا نے چیف منسٹر کو جرائم پر قابو پانے کیلئے کئے جا رہے کام کے بارے میں تازہ ترین اطلاعات دیں۔