شریعت میں مداخلت مسلمانوں کے لیے ناقابل برداشت

   

طلاق ثلاثہ بل کے خلاف مجلس بچاؤ تحریک کا احتجاج ، مجید اللہ خاں فرحت کا خطاب
حیدرآباد2 جنوری ۔(سیاست نیوز) مجلس بچائو تحریک کی جانب سے قدیم شہر کے علی آباد چوراہا پر تین طلاق بل کے خلاف بڑے پیمانے کا احتجاجی دھرنا منظم کیاگیا۔ اور وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر قانون روشی شنکر پرساد کا علامتی پتلا نذر آتش کیاگیا ۔ صدر تحریک مجید اللہ خان کی قیادت میں منعقدہ اس احتجاجی دھرنے میںسینکڑوں محبان تحریک نے حصہ لیا۔ایم بی ٹی کے شدید احتجاج کی وجہہ سے کئی گھنٹوں تک علی آباد چوراہا تا چارمینار کی سڑک پر ٹریفک جام رہی ۔ خواتین نے بھی بڑی تعداد میںاس احتجاج میںحصہ لیا۔ جنرل سکریٹری تحریک مسرس مصطفیٰ محمود‘سکندر خان‘ راشد ہاشمی کے علاوہ قائدین بھی اس احتجاجی مظاہرے میںشامل تھے ۔بعدازاں میڈیا سے بات کرتے صدر تحریک مجید اللہ خان نے ایوان لوک سبھا میںنریندر مودی حکومت کے پیش کردہ طلاق ثلاثہ بل کی مخالفت کرنے والی تمام اپوزیشن سیاسی جماعتوں کے قائدین کا مسلمانان ہند کی جانب سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ منافرت کی سیاست کے ذریعہ مرکز کی بی جے پی حکومت طلا ق ثلاثہ جیسے اہم مسئلے کو موضوع بحث لاکر اپنی ناکامیوں اور بدعنوانیوں کو چھپانے کی کوشش کررہی ہے۔ صدر تحریک نے کہاکہ دنیا کا کوئی بھی قانون شریعت محمد ی میںمداخلت کا اختیار نہیںدے گا ۔جناب مجید اللہ خان نے کہاکہ تین طلاق بل دراصل دستور ہند میں دی گئی مذہبی او رجمہوری آزادی پر کاری ضرب ہے ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ بی جے پی کا منشاء اپنی ناکامیو ں او ربدعنوانیوں کو چھپانے کے لئے ملک کو مذہب کے نام پر تقسیم کرنے کا ہے مگر جس طرح اپوزیشن جماعتوں نے ایوان پارلیمنٹ میں بل کی پرزور مخالفت کرتے ہوئے اپنے سکیولر ہونے کا ثبوت پیش کیاٹھیک اسی طرح مسلمانان ہند کو اس بات کا یقین ہے کہ مذکورہ بل ایوان راجیہ سبھا میںاپوزیشن جماعتوں کی تائید سے مسترد کردیاجائے گا۔جناب مجید اللہ خان فرحت کے دستور ہند کے آرٹیکل 24اور 25کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ بی جے پی جس کی بنیادیں نفرت او رتقسیم کی سیاست پر مشتمل ہیں ملک کی تاریخ کو دوبارہ لکھنے کی غرض سے قانونی تبدیلیاں لارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ شریعت میںمداخلت کو مسلمان ہرگز برداشت نہیںکرے گا اور بی جے پی حکومت کی جانب سے لائے گئے قانون کی مخالفت میںمجلس بچائو تحریک آنے والے دنوں میںاپنے احتجاج میںمزید شدت پیدا کریگی ۔ جناب مجید اللہ خان فرحت نے تمام مسلم مذہبی‘ سماجی اور فلاحی اداروں اور اس کے ذمہ داران سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ سڑکوں پر اتر کر بی جے پی کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لئے متحرک ہوجائیں۔