کراچی: رمیز راجہ نے شعیب اختر کو ’’خیالی سوپر اسٹار‘‘ کا لقب دے دیا۔ سابق پاکستانی فاسٹ بولر اختر نے حال ہی میں بابراعظم، کامران اکمل اور شاہین شاہ آفریدی کے بارے میں متنازعہ بیانات دیئے تھے۔ انھوں نے کپتان بابر کو مشورہ دیا کہ اگر وہ ویراٹ کوہلی کی طرح ایک برانڈ بننا چاہتے ہیں تو اپنی انگریزی ٹھیک کریں۔ اسی طرح انھوں نے کامران اکمل کے اسکرین کہنے کے تلفظ کا بھی مذاق اڑایا۔ اختر نے شاہین کے بارے میں کہا کہ اگر میں اُن کی جگہ ہوتا تو دونوں گھٹنے تڑوا لیتا مگر پاکستان کیلئے ورلڈکپ فائنل میں اوور ضرور مکمل کرتا۔ ایک ٹی وی پروگرام میں رمیز نے کہا کہ شعیب اختر کو سابق اور موجودہ کھلاڑیوں کے بارے میں غیرضروری بیانات سے گریز کرنا چاہیے، وہ ایک خیالی سوپر اسٹار ہیں، ہمارے سابق کرکٹرز ایسے بے معنی بیانات سے پاکستان کرکٹ کی بدنامی کا باعث بنتے ہیں، میں نے کبھی یہ چیز ہندوستان میں نہیں دیکھی، کبھی آپ نے دیکھا کہ سنیل گواسکر نے راہول ڈراویڈ کو تنقید کا نشانہ بنایا ہو، یہ صرف یہیں ہوتا ہے جہاں پر سابق پلیئرز دوسروں کو اپنا کام پروفیشنل انداز میں نہیں کرنے دیتے۔