شمالی کوریا کا ’امریکہ تک مار کرنے والے‘ میزائل انجن کا تجربہ

,

   

امریکہ پر عالمی سطح پر ’ریاستی دہشت گردی اور جارحیت‘ کرنے کا الزام: کم جونگ ان

پیونگ یانگ۔29 مارچ ( ایجنسیز) شمالی کوریا کے سپریم لیڈر کم جونگ اْن نے ہتھیاروں کیلئے ایک ہائی تھرسٹ، سالڈ فیول انجن کے تجربے کا مشاہدہ کیا اور اسے ملک کی سٹریٹجک عسکری صلاحیت بڑھانے کی اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔میڈیا کے مطابق شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ تجربہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ کم جونگ اْن ایسے میزائلوں کے ذخیرے کو بڑھانے اور جدید بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں جو امریکہ کے مرکزی حصے تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔کوریئن سنٹرل نیوز ایجنسی کی رپورٹ ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب چند روز قبل کم جونگ اْن نے شمالی کوریا کی پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے اپنے ملک کی جوہری طاقت کی حیثیت کو ناقابل واپسی بنانے کا عزم ظاہر کیا تھا۔انہوں نے امریکہ پر عالمی سطح پر ’ریاستی دہشت گردی اور جارحیت‘ کرنے کا الزام عائد کیا، جس کا اشارہ مشرقِ وسطیٰ کی جنگ کی طرف تھا۔کے سی این اے کے مطابق کم جونگ اْن نے نئے اپ گریڈ شدہ انجن کے گراؤنڈ جیٹ ٹیسٹ کا مشاہدہ کیا، جس میں کمپوزٹ کاربن فائبر مواد استعمال کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق انجن کی زیادہ سے زیادہ تھرسٹ دو ہزار 500 کلو ٹن ہے جو ستمبر میں ہونے والے اسی نوعیت کے سالڈ فیول انجن کے تجربے میں رپورٹ کیے گئے تقریباً ایک ہزار 971 کلو ٹن سے زیادہ ہے۔ماہرین کے مطابق انجن کی طاقت میں اضافہ ممکنہ طور پر ایک ہی میزائل پر متعدد وار ہیڈز نصب کرنے کی کوششوں سے منسلک ہے تاکہ امریکی دفاعی نظام کو شکست دینے کے امکانات بڑھائے جا سکیں۔کے سی این اے نے یہ نہیں بتایا کہ یہ تجربہ کب اور کہاں کیا گیا۔شمالی کوریا نے 2019 میں ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ اعلیٰ سطحی سفارت کاری کی ناکامی کے بعد اپنے جوہری ہتھیاروں کے ذخیرے کو تیزی سے بڑھانے کی کوشش کی ہے۔فروری میں ورکرز پارٹی کے اجلاس میں کم جونگ اْن نے ٹرمپ کے ساتھ مذاکرات کا دروازہ کھلا رکھا تھا تاہم واشنگٹن سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ مذاکرات کیلئے شمالی کوریا کے جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کی شرط ختم کرے۔