شمالی کوریا کے فوجی رو سیوں کے شانہ بشانہ ، شواہد موجود : امریکہ

   

واشنگٹن : امریکہ محکمہ دفاع پنٹگان کے ترجمان میجر جنرل پیٹ رائڈر نے کہا ہیکہ روس میں شمالی کوریا کے فوجیوں کے ہلاک اور زخمی ہونے کے شواہد پائے گئے ہیں۔میجر جنرل رائڈر نے معمول کی پریس کانفرنس میں یوکرائن کے خلاف جنگ میں شریک شمالی کوریائی فوجیوں سے متعلق سوالوں کے جواب دئیے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ کرسک کے محاذ پر شمالی کوریا کے فوجی روسی فوج کے شانہ بشانہ لڑ رہے ہیں۔ ہم اس پہلو کا جائزہ لے رہے ہیں اور ہمارے پاس، جھڑپوں میں شمالی کوریائی فوجیوں کے ہلاک اور زخمی ہونے سے متعلق، شواہد بھی موجود ہیں۔اس سوال کے جواب میں کہ ہلاک یا زخمی شمالی کوریائی فوجیوں کی تعداد کیا ہے؟ رائڈر نے کہا ہے کہ میں ان کی حتمی تعداد نہیں بتا سکتا لیکن میری معلومات کے مطابق یہ تعداد 12 کے لگ بھگ ہے ۔رائڈر نے کہا کہ اندازے کے مطابق یہ فوجی صرف کورسک میں ہیں اور ایک ہفتے سے زیادہ عرصے سے روسی فوجوں کے ہمراہ لڑ رہے ہیں۔یوکرین محکمہ دفاع کی انٹیلی جنس ڈائریکٹریٹ نے اعلان کیا ہیکہ روس کے علاقے کرسک میں 14 اور 15 دسمبر کی جھڑپوں میں کم از کم 30 شمالی کوریائی فوجی مارے گئے یا زخمی ہوئے ہیں۔واضح رہے کہ یوکرائن کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے اپنے ملک کے خلاف لڑنے والے شمالی کوریائی فوجیوں کی تصویریں بھی شیئر کی تھیں۔