شمس آباد /2 اگست ( سیاست نیوز ) شمس آباد ایرپورٹ پر بچوں کے اغواء کی کوشش کو والدین نے ناکام بنادیا اور کار کا تعاقب کرتے ہوئے اپنے بچوں کی حفاظت کرلی ۔ تاہم کار ڈرایئور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ ممبئی سے تعلق رکھنے والا ایک جوڑا آج اپنے بچوں کے ساتھ شمس آباد ایرپورٹ پہونچا ۔ یہ خاندان ایک تقریب میں شرکت کیلئے حیدرآباد پہونچا تھا ۔ حالانکہ انہیں ایرپورٹ سے مکان لے جانے کیلئے ساتھی پہونچے تھے ۔ کار میں جگہ کی تنگی کے سبب انہوں نے اولا کیاب بک کروائی اور آلاٹنگ پوائنٹ کا پتہ پوچھتے ہوئے کار کو تلاش کر رہے تھے ۔ اس دوران بچوں نے جب یہ دریافت کیا کہ کیاب کہاں ہے ایک اجنبی شخص ان کے یہاں پہونچا اور خود کو اولا کیاب کا ڈرائیور ظاہر کرتے ہوئے ان بچوں کو اپنی کار میں سوار کرلیا ۔ حالانکہ بچوں نے او ٹی پی دریافت نہ کرنے پر وضاحت کی لیکن اس ڈرائیور نے فون خراب ہونے کا بہانہ بنادیا اور کار میں سوار کرلیا ۔ تھوڑی دور جانے کے بعد اس ڈرائیور نے ایک اور شخص کو کیاب میں بیٹھا لیا جس پر بچوں نے اعتراض کیا تو اس نے اس شخص کو قریبی ساتھی قرار دیا اور یہاں سے کار کی رفتار بڑھادی ۔ بچوں نے آگے والی کار کے ساتھ چلنے کی خواہش کی جس پر اس نے ان کی نہیں سنی اور کار کو مزید تیز چلانے لگا ۔ اس دوران ایک لڑکی نے اپنی والدہ کو فون پر ڈرائیور کی حرکتوں سے واقف کروایا ۔ جس پر اس کا تعاقب کرتے ہوئے میاں بیوی نے کار کو روک لیا ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔