شمس آباد ۔ 23 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ ہائی کورٹ کی جانب سے میونسپل انتخابات کو گرین سگنل دینے کے بعد شمس آباد میونسپالٹی کے سیاسی قائدین میں جوش پیدا ہوگیا ہے ۔ چند دن قبل انتخابات کی تکمیل کرنے کا اعلان کیا گیا تھا جس کے بعد شمس آباد کے مقامی قائدین ہائی کورٹ سے رجوع ہوتے ہوئے وارڈس کو صحیح انداز میں ضم کرنے کے علاوہ ووٹرس کے نام شامل کرنے کی درخواست دی تھی جس پر کئی نے فوراً انتخابات کو روک کر وارڈس کی تقسیم کو صحیح ڈھنگ سے کرنے کی ہدایت دی تھی جس پر انتخابات کو روک دیا گیا تھا ۔ حضور نگر کے انتخابات کے نتائج کو دیکھتے ہوئے حکومت میونسپلٹی انتخابات کے لیے نوٹیفیکیشن جاری کرے گی ۔ جیسے ہی ہائی کورٹ نے انتخابات کروانے کی ہدایت دی سیاسی قائدین پھر ایک بار عوام کے درمیان جاکر عوامی مسائل سے واقفیت حاصل کرنے میں لگے ہوئے ہیں ۔ سیاسی قائدین کو دوبارہ عوامی مسائل پھر ایک بار یاد آئیں گے اور انہیں حل کرنے کا تیقن دیا جائے گا ۔ ٹی آر ایس ، کانگریس اور بی جے پی میں سخت مقابلے ہوں گے ۔ ٹی آر ایس قائدین حکومت کی اسکیمات کو پیش کرتے ہوئے ووٹ حاصل کرنے کی کوشش کریں گے اور کانگریس و بی جے پی عوام کے درمیان جاکر حکومت جو وعدے کر کے عوام کو ہتھیلی میں جنت دکھا رہی ہے اس سے عوام کو واقف کروا کر ایک دوسرے پر سبقت لیجانے کی کوشش کی جائے گی ۔ شمس آباد میونسپلٹی انتخابات میں مسلمانوں کا بادشاہ گر موقف ہوگا ۔ تمام مسلمان اتحاد کے ساتھ کام کریں گے تو 24 سیٹوں میں سے 6 سیٹ پر بہ آسانی کامیابی ہوگی ورنہ ایک دوسرے پر سبقت لیجانے کی چکر میں صرف تین سیٹوں پر ہی کامیابی پر اکتفا کرنا پڑے گا ۔۔