ممبئی: ہندی فلمی دنیا میں سب سے زیادہ کامیاب موسیقار جوڑی شنکر۔ جے کشن نے اپنے سروں کے جادو سے کئی دہائیوں تک سامعین کو محظوظ کیا۔ ان کی جوڑی ایک مثال کے طور پر جانی جاتی تھی لیکن ایک وقت ایسا بھی آیا جب دونوں کے درمیان نااتفاقی پیدا ہوگئی تھی۔ شنکر اور جے کشن نے ایک دوسرے سے وعدہ کیا تھا کہ وہ کبھی کسی کو نہیں بتائیں گے کہ دھن کس نے بنائی ہے لیکن ایک بار جے کشن اس وعدے کو بھول گئے اور مشہور سنے میگزین فلم فیئر کے مضمون میں بتا دیا کہ فلم ’سنگم‘ کا نغمہ ’’یہ میرا پریم پتر پڑھ کر کہ تم ناراض نہ ہونا‘‘ کی دھن انہوں نے بنائی تھی، اس بات سے شنکر کافی ناراض ہوگئے لیکن بعد میں گلوکارمحمد رفیع کی کوشش سے شنکر اور جے کشن کے درمیان اختلافات کو کسی حد تک کم کیا جا سکا۔ شنکر سنگھ رگھوونشی کی پیدائش 15 اکتوبر 1922 کو پنجاب میں ہوئی تھی۔ وہ بچپن سے ہی موسیقار بننا چاہتے تھے اور ان کی دلچسپ طبلہ نوازی میں بہت زیادہ تھی۔ انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم بابا ناصر خان صاحب سے حاصل کی تھی اس کے ساتھ ہی انہوں نے حسن لال بھگت رام سے بھی موسیقی کی تربیت حاصل کی تھی ۔