شولز۔ شاہ عبداللہ ملاقات

   

برلن : جرمن چانسلر اولاف شولز نے جرمنی کے دورے پر آئے ہوئے اردن کے شاہ عبداللہ کیساتھ ملاقات کے بعد حزب اللہ اور ایران کو خبردار کیا کہ وہ حماس اور اسرائیل کے مابین جنگ میں مداخلت سے باز رہیں۔فلسطینی عسکریت پسند تنظیم حماس کے اسرائیل پر دہشت گردانہ حملے کے ڈیڑھ ہفتے بعد وفاقی جرمن چانسلر اولاف شولز منگل کو اسرائیل کا دورہ کرنے والے ہیں۔ شولز مشرق وسطیٰ میں دس روز قبل شروع ہونے والی لڑائی کے نتیجہ میں پیدا شدہ کشیدہ صورتحال میں اسرائیل کا دورہ کرنے والے پہلے غیر ملکی حکومتی سربراہ ہوں گے۔چانسلر شولس نے اپنے دورہ کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہیکہ اسرائیل کا دورہ دراصل اسرائیل کے ساتھ یگانگت کا مظاہرہ ہے۔
جرمن چانسلر اسرائیل کے بعد اس کے پڑوسی ملک مصر بھی جائیں گے اور وہاں بھی وہ ملکی رہنماؤں کے ساتھ مذاکرات کرنا چاہتے ہیں۔ واضح رہے کہ مصر کی سرحد حماس کے زیر کنٹرول غزہ پٹی سے ملتی ہے۔ گزشتہ جمعہ کوجرمن وزیر خارجہ انالینا بیئربوک نے بھی اسرائیل کا دورہ کیا تھا اور وہاں حماس کی طرف سے غزہ میں یرغمالی بنائے گئے اسرائیلی شہریوں کے رشتہ داروں سے بھی ملاقات کی تھی۔