شومیکر کی 50 ویں سالگرہ پر اہلیہ کا مداحوں سے اظہارتشکر

   

برلن ۔3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) فارمولا ون ریسنگ ڈرائیور مائیکل شومیکر کی اہلیہ نے اپنے شوہر کی پچاس ویں سالگرہ پر انکے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ مائیکل انتہائی محفوظ ہاتھوں میں ہیں اور صحت یابی کی جانب گامزن ہیں۔فارمولا ون کارریسنگ کی تاریخ کے عظیم ڈرائیور کی پچاسویں سالگرہ پر انکی اہلیہ کورینا شومیکر نے فیس بک پر جاری ایک خصوصی پیغام میں انکے مداحوں کو انکی خیریت سے آگاہ کیا، جوکہ ایک نہایت ہی نجی معاملہ ہے اور اس حوالے سے انکا خاندان بہت محتاط روی کا شکارہے۔ یاد رہے کہ جرمنی سے تعلق رکھنے والے مائیکل شومیکر29 دسمبر 2013 کو اس وقت شدید زخمی ہوگئے تھے جب وہ فرانس میں اپنے 14 سالہ بیٹے کے ساتھ اسکینگ کے دوران ایک موڑ کاٹتے ہوئے گرے اور ایک نوکیلے چٹان سے ٹکرائے تھے۔ حادثے کی نوعیت اتنی سنگین تھی کہ انکے ہیلمٹ کے پرخچے اڑگئے تھے۔ جس کے بعد انھیں فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا جہاں انکی زندگی بچانے کے لیے متعدد آپریشن کئے گئے اور وہ اگلے چھ ماہ تک کوما میں رہے۔انکا علاج پندرہ ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے کیا جو 24 گھنٹے ان کے بستر کے قریب موجود رہتے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس دوران انکے خاندان کا علاج پر فی ہفتہ ایک لاکھ پندرہ ہزار پونڈ تک خرچ ہوتا تھا۔سابق فیراری ڈرائیور گزشتہ پانچ برسوں سے معذوری کی زندگی گزار رہے ہیں اور وہ وہیل چیئر پر معمولات زندگی انجام دیتے ہیں جب کہ اس خوفناک حادثے نے انکی یاداشت کو بھی شدیدمتاثر کیا ہے۔