صدارتی امیدوار کملا ہیرس کی شرکت کا امکان۔ الینوائے میں اضافی فورسیس تعینات
شکاگو : ڈیموکریٹک نیشنل کنونشن (ڈی این سی) کے آغاز کے موقع پر امریکہ کے تیسرے بڑے شہر شکاگو میں فلسطینیوں کے حقوق کی حمایت میں بڑے پیمانے پر ریلی نکالی گئی جس میں نائب صدر کملا ہیرس کی شرکت کا امکان ہے تاکہ باضابطہ طور پر ملک کے سربراہ کے عہدے کے لیے انہیں نامزد کیا جائے ۔مظاہرین نے قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی کڑی نگرانی میں شہر کے اہم راستوں میں سے ایک مشی گن ایونیو پر ریلی نکالی ۔ شہر کی پبلک سیکیورٹی سروس کے ترجمان نے اتوار کو اسپوتنک کو بتایا کہ ریلی میں تقریباً 600 افراد نے شرکت کی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ریلی کے دوران کسی قسم کی رکاوٹ اور قانون کی خلاف ورزی کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔ریلی میں شرکت کرنے والوں میں زیادہ تر فلسطینی حامی کارکن تھے جن میں سے اکثر نے غزہ پٹی میں اسرائیل کی فوجی کارروائی کی مذمت میں نعرے لگائے ۔ ان میں سے کچھ نے فلسطین میں انسانی بحران کے خاتمے ، بین الاقوامی سطح پر اسرائیل کے اقدامات کی مذمت اور یہودی ریاست کو رقوم اور ہتھیاروں کی فراہمی بند کرنے کا مطالبہ کرنے والے پوسٹرز اٹھا رکھے تھے۔ شکاگو میں شروع ہونے والے ڈیموکریٹک نیشنل کنونشن سے قبل، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سکیورٹی میں اضافہ کردیا۔ الینوائے کے دیگر حصوں میں اضافی فورسز کو تعینات کر دیا ہے ۔ اگلے ہفتے یہاں 50ہزار سے زائد مہمانوں کی آمد متوقع ہے ۔ ان میں دنیا بھر کے نمائندے ، وفاقی افسران اور صحافی شامل ہوں گے ۔