شکاگو کی میئر کا مسلمانوں کے ساتھ نسل پرستانہ سلوک

   

شکاگو : امریکہ کی عرب شخصیات نے شکاگو کی خاتون میئر پر مسلمانوں سے نسل پرستانہ سلوک کا الزام عائد کیا ہے۔ بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق میئر لوری لائٹ فٹ پر الزام ہے کہ وہ عرب اور مسلمانوں کے کاروبار بند کرنا چاہتی ہیں۔ مقامی مسلمانوں کا کہنا ہے کہ جرائم میں کمی سے متعلق اقدامات کی آڑ میں انہیں تعصب کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ اس حوالے سے شہری کونسل کے رکن ریمنڈ لوپیز الڈرمین کا کہنا تھا کہ حکام الزامات جائزہ لے رہے ہیں۔ اس سے قبل میئر لائٹ فٹ نے کہا تھا کہ نائن الیون نے امریکا میں عربوں کے خلاف نفرت کو جنم دیا ہے، لیکن اب وہ خود دہشت گردی کے خلاف آپریشن کے نام پر عرب کاروباری افراد کو نشانہ بنارہی ہیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق شکاگو میں لیبر ڈے ہونے والی فائرنگ اور گزشتہ ہفتے پیش آئے درجنوں واقعات میں ایک پولیس افسر سمیت 75 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔امریکی عرب چیمبر آف کامرس کے صدر حسن نجم کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کے کاروبار کو نسل پرستی اور پرتشدد واقعات کی آڑ میں بند رکھا جارہا ہے۔ کاروبار بند ہونے کی وجہ سے ایک عام سٹور کے مالک کا ہر ماہ 50 ہزار ڈالر نقصان ہو رہا ہے، جس میں سے زیادہ تر حصہ شہر کو ٹیکس کی مد میں جاتا ہے۔ اس کے علاوہ 300 سے زائد ملازمین اسٹور بند ہونے کی وجہ سے بے روزگار ہیں۔