شکاگو کے مال میں فائرنگ، ایک نوجوان ہلاک

   

آرلینڈ پارک (یو ایس) ۔ 22 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) شکاگو کے مضافاتی علاقہ میں واقع ایک مال میں ایک 19 سالہ نوجوان کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا جبکہ حملہ آور فرار بتایا گیا ہے۔ دریں اثناء اورلینڈ پارک پولیس نے بتایا کہ نوجوان کو آرلینڈ اسکوائر مال میں گولی ماری گئی۔ زخمی حالت میں بھی وہ مال سے باہر نکل کر جانے لگا تاہم سڑک پر ایک کپڑے کے اسٹور کے قریب زخم کی تاب نہ لاکر گر پڑا اور فوت ہوگیا۔ ڈپٹی پولیس چیف جوزف مشیل نے بتایا کہ مال میں ایک دیگر شخص بھی زخمی ہوا ہے جسے ہاسپٹل میں شریک کیا گیا ہے۔ ویڈیو فوٹیج میں دکھایا گیا ہیکہ کوئی شخص حملہ کرکے فرار ہورہا ہے تاہم مال سے باہر نکلنے کے بعد وہ پیدل ہی فرار ہوا ہے یا کسی گاڑی میں بیٹھ کر وہاں سے نکلا ہے۔ اس کے بارے میں اب تک کوئی اطلاع نہیں ہے۔ پولیس کا خیال ہیکہ حملہ آور اور متوفی ایک دوسرے کو پہلے سے جانتے تھے اور اسے جان بوجھ کر نشانہ بنایا گیا ہے۔ مزید تحقیقات جاری ہے۔