اسلام آباد: پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں عمائدین کا ایک گرینڈ جرگہ منعقد کیا ہے تاکہ وہاں کی موجودہ صورتحال سے نکلنے کا راستہ تلاش کیا جا سکے ۔مقامی اخبار ‘دا ڈان’ نے جمعہ کو بتایا کہ ایک روزہ دورے پر شمالی وزیرستان کے صدر مقام میران شاہ پہنچے مسٹر شریف نے شمالی وزیرستان کے قبائلی ضلع میں مقامی امن کی بحالی کو اپنی حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے عثمان زئی قبیلے کے عمائدین سے خطاب کیا۔اس موقع پر وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور، وزیراعظم کے مشیر امیر مقام اور ایم این اے محسن داوڑ بھی موجود تھے ۔ خیبرپختونخوا کے نگراں گورنر مشتاق احمد غنی اور وزیراعلیٰ محمود خان تاہم پروگرام سے غیر حاضر رہے ۔کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے مسٹر شریف کو علاقے میں امن و امان کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔جرگے سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ شمالی وزیرستان کے لوگوں نے مادر وطن کے لیے بے مثال قربانیاں دینے کے بعد بھی بہت دکھ اٹھائے ہیں ۔