شہرمیںناخواندہ افراد کا سروے اندرون تین دن مکمل کرنے کی ہدایت

   

گداگروں کی بازآبادکاری،سڑکوں ، اسٹریٹ لائٹس اور ڈرینج کی تعمیر کیلئے جائزہ اجلاس
حیدرآباد۔/26 فبروری، ( این ایس ایس ) جی ایچ ایم سی کے کمشنر ڈی ایس لوکیش کمار نے چہارشنبہ کو بلدی عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ اس بلدی ادارہ کے حدود میں ڈرینج، موریوں کی صفائی، تعمیر و مرمت کے علاوہ نئی ڈرینج لائن بچھانے پر توجہ مرکوز کریں۔ لوکیش کمار نے بلدی عہدیداروں سے کہا کہ ’وہ اپنی گاڑیاں چلاتے وقت اپنے اسمارٹ فونس کو کچھ آرام دیں‘ اوراطراف کے علاقوں پر نظر رکھیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ شکستہ سڑکوں، سڑکوں پر پڑنے والے کھڈ اور ناکارہ اسٹریٹ لائیٹس کا پتہ چلائیں تاکہ فوری درستگی پر توجہ دے سکیں۔ لوکیش کمار نے ناخواندہ افراد، گداگروں کے سروے کے علاوہ ان کی باز آبادکاری ، بستی دواخانوں کے قیام ، عصری ٹائیلٹس کی تعمیر اور مضافات میں نئی سڑکیں بچھانے اور تالابوں کے تحفظ کے بارے میں زونل کمشنرس اور ڈپٹی کمشنرس کے جائزہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ دو یا تین دن میں گداگروں کا سروے مکمل کرلینا چاہیئے تاکہ انہیں 2مارچ تک بازآبادکاری مرکز کو بھیجا جاسکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہر کی سڑکوں پر گداگروں کو راہگیروں سے بھیک مانگنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔لوکیش کمار نے ہدایت کی کہ جی ایچ ایم سی کے ’ نائیٹ شیلٹرس ‘ پر روزانہ 24 گھنٹے غذا کی سہولت دی جائے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ گداگروں کی بازآبادکاری کے مراکز کی دیکھ بھال کا کام بہترین کارکردگی کے حامل غیر سرکاری اداروںکے سپرد کیا جائے۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ جی ایچ ایم سی کے ہر ڈیویژن میں دو بستی دواخانے قائم کئے جائیں اور اس طرح جی ایچ ایم سی کے حدود میں مجموعی طور پر 300 بستی دواخانوں کے قیام کو یقینی بنایا جائے۔